|

وقتِ اشاعت :   February 11 – 2021

خضدار: جمعیت علمائے اسلام خضدار کے قائمقام امیر مفتی عبدالقادر شاہوانی، رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری،جے یوآئی خضدار کے جنرل سیکریٹری مولانا عنایت اللہ رودینی نے کہاہے کہ خضدار میں رواں ماہ کے آخر میں پی ڈی ایم کاعظیم الشان جلسہ عام منعقد ہورہاہے، جس میں مرکزی قائدین پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔

یہ بلوچستان کی سطح پر ایک تاریخ ساز اجتماع ہوگا، جس کیلئے بھر پورانداز میں تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، قائد پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر قائدین نے جس طرح قوم میں شعورو آگاہی بیدار کی ہے و ہ انشاء اللہ تحریک کامیابی اور موجودہ حکومت کے خاتمے کے لئے زینہ ثابت ہوگا، موجودہ حکومت ناانصافیوں، غیر جمہوری عمل، اور عوام دشمن ہونے کی وجہ سے ملک و قوم کو بدترین دو راہے۔

پر لا کھڑا کی ہے جس سے نجات ضروری امر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج جے یوآئی کی مجلس شوریٰ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلا س کی صدارت جے یوآئی خضدار کے قائمقام امیر مفتی عبدالقادر شاہوانی کررہے تھے، جب کہ اجلاس میں جے یوآئی خضدار کے جنرل سیکریٹری مولانا عنایت اللہ رودینی،شوریٰ کے ممبر ان سردارعلی محمد قلندرانی، جسٹس ریٹائرڈ میر عبدالقادر مینگل، مولانا عبدالغفار بزنجو۔

مولانا عبدالصبور مینگل مولانا عبدالکریم متوکل مولانا محمود الحسن قمر، مولانا عبدالغفار شاہوانی، مولانا غلام رسول مینگل، قاری یحیٰ حسنی، مولانا عبدالستار حسنی، مولانا سعیداحمد،مولانا عبدالجلیل مردوئی،مولاناعبدالقدوس مردوئی، مولانا عبدالجلیل محمد شہی سمیت دیگر شریک تھے۔جے یوآئی خضدار کے قائمقام امیر مفتی عبدالقادر شاہوانی نے کہاہے کہ کارکن ستائیس فروری کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لئے بھر پور انداز میں تیاریاں جاری رکھیں۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کی ناانصافیوں، غیر جمہوری عمل، بے تحاشا مہنگائی بڑھانے کے خلاف جس طرح قائد جمعیت و قائد پی ڈی ایم نے تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرکے تحریک کا اغاز کیا ہے وہ تحریک اپنی جوبن پر ہے۔

اور قوم میں ایک شعورو آگاہی بیدار ہوچکی ہے لوگ پورے ملک میں موجودہ حکومت کی نااہلیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں،حکومت کے خلاف آواز بلند کررہے ہیں، 27فروری کو خضدار میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوگا جوکہ تاریخی ہوگا، اس جلسہ عام سے متعلق پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں سے اگلے ایک دور روز میں مل کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔