|

وقتِ اشاعت :   February 11 – 2021

خضدار: رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے کہاکہ اسلام آباد میں جائز مطالبات و حقوق کے لئے احتجاج کرنے والے ملازمین پر تشدد، شیلنگ اور ان کی گرفتاری افسوسناک ہے ، حکومت کی جانب سے ملازمین کے پرامن احتجاج کو منتشر کرنے کے لئے جس طرح طاقت کا استعمال عمل لایا گیا اور انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی گئی۔

اس سے ملازمین اور عام عوام الناس کا غیض و غصب مذید بڑھے گا اور نفرتوں میں اضافہ دیکھنے میں آئیگا جو کام حکومت کی ہے وہ کر نہیں پارہی ہے مہنگائی عروج پر ہے عوام کی قوتِ خرید جواب دے گئی ہے ، آئے روز اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں،جو تنخواہیں ملازمین کو مل رہی ہیں ان سے ان کے بچوح کی کفالت ہونا ناممکن بن گیا ہے اور اب ملازمین سب سے زیادہ غریب طبقے میں شمار ہونے لگے ہیں۔

جس شخص کے پاس نہ ملازمت ہے اور نہ ہی کاروبار اس کا کیا بنے گا ، یہی وجہ ہے کہ ملک میں خود کشیوں میں اضافہ ہوچکا ہے لوگ روز خود کشیاں کرکے اپنے پیاروں کو بھی مار رہے ہیں یہ ایک تباہ کن رجحان ہے جو ملک وقو م کے کسی بھی طرح مفاد میں نہیں ، حکومت عوام پر ظلم کرنے کی بجائے ملازمین اور عام عوام کو ریلیف فراہم کرے مہنگائی و بے روزگاری میں کمی لائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کے روزخضدار میں جے یوآئی کی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی کونسل کے رکن و بلوچستان اسمبلی کے ممبر میر یونس عزیز زہری کا کہنا تھاکہ بد ھ کے روز اسلام آباد میں حکومت کی جانب سے ملازمین کے پرامن مظاہرے پر دھاوا بول کر انہیں تشدد کا نشانہ بناناانہیں حراساں و گرفتار اور زخمی کرنا افسوسناک ہے۔

متعددملازمین کافی حد تک زخمی ہوگئے کہ جنہیں ہسپتال جانا ، یہ عمل ناقابل برداشت ہے ، اس طرح حکومتیں جمہوری نہیں کھلاتی ہیں بلکہ یہ عوام دشمن حکومتوں کی نشانی ہوتی ہے ، حکمران اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے پرامن مظاہرین پر تشدد کی راہ اختیار کرکے عوام کو مذید بغاوت کی جانب دھکیل رہے ہیں ، اس طرح کا تشدد آمیز عمل نہ صرف ملک و قومی کاز کے لئے نقصان دہ ہے ۔

بلکہ اس سے عوام میں نفرت مذید ابھار حاصل کریگا ، انہوںنے کہاکہ حکومت فوری طور پر گرفتار ملازمین کو رہا کرکے ان سے مذاکرات اوران کے مطالبات تسلیم کرے ، جے یوآئی ایسے کسی بھی عمل کی مذمت کرتی ہے جو کہ عوام کے حقوق کے برخلاف یا عوام کو نقصان دینے کے لئے عمل میں لایا گیا ہو، آج اسلام آباد میں ملازمین کی گرفتاری کی مذمت کی جاتی ہے حکومت فوری طور پر ملازمین کے مطالبات تسلیم کرکے ان کی رہائی عمل میں لائے۔