|

وقتِ اشاعت :   February 14 – 2021

کو ئٹہ: جمعیت علما اسلام کے رکن صوبائی اسمبلی میر زابد ریکی نے کہا ہے کہ جمعیت علما اسلام سینیٹ الیکشن میں خرید و فروخت کی حمایت نہیں کرتی ، حکومتی جماعتیں سینیٹ الیکشن میں باہر سے لوگوں کو لاکر عوام پر مسلط نہ کریں ایسا کرنا بلوچستان کے عوام کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

میر زابد علی ریکی نے کہا کہ جمعیت علما اسلام 3مارچ کو سینیٹ انتخابات میں اپنے ہی پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دیں گے مگر بدقسمتی سے بلوچستان عوامی پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف نے جس طرح صوبے کے باہر لوگوں کو سینیٹ ٹکٹ جاری کرکے صوبے کے مفادات کو ٹھیس پہنچائی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم خرید و فروخت کے خلاف ہے۔

اور جس طرح گزشتہ روزسلیکٹڈ وزریراعظم نے خود اعتراف کیا کہ بلوچستان میں 50 سے 70 کروڑ روپے میں اراکین اسمبلی سینیٹ کے ووٹ کی خرید و فروخت میں ملوث ہوتے ہیں بلوچستان کے عوام حکومتی جماعتوں کے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور بلوچستان کے عوام غیرت مند ہے وہ باہر سے کسی کو بھی مسلط نہیں کرنا چاہتے۔