|

وقتِ اشاعت :   February 15 – 2021

خضدار: بی این پی کے ضلعی آفس میں ضلعی صدر شفیق الرحمان ساسولی نے نومنتخب تحصیل کابینہ سے حلف لینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ بی این پی کا عوام کے ساتھ ایک نظریاتی رشتہ ہے اور اس رشتے کو توڑنے کی کوشش کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ حقیقی جمہوریت کی فروغ، بنیادی انسانی، معاشی اور آزادی اظہار کے حقوق، پسماندگی غربت جہالت اور استحصالی پالیسیوں کے خاتمے۔

اپنے ساحل وسائل پرحق و اختیار ہمارا آئینی و قانونی حق ہے، جملہ حقوق کیلئے سیاسی اور جمہوری جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام کو اپنے صحیح اور غلط کی اچھی پرکھ ہے۔ خضدار سمیت بلوچستان بھر کے گلی کوچوں دیہاتوں میں باشعور عوام بلا رنگ ونسل مذہب قبیلہ و قوم بی این پی سے سیاسی اور تنظیمی طور پر مضبوطی کے ساتھ جڑی ہے۔

دیگر غیر جمہوری عمل سے تشکیل پانے والے پارٹیوں کے پاس بلند و بانگ دعوے اور سبزباغ دکھانے کے علاوہ کچھ نہیں ان کے ہاں نظریہ تو کْجا، ورکرز کی اہمیت وعزت بھی نہیں۔بی این پی ایک جمہوری پارٹی ہے جو جمہور کے اجتماعی قومی مفادات ناانصافیوں اور استحصال پر کبھی خاموشی اختیار نہیں کرتی۔ پارٹی نے ہمیشہ سے سیاسی اور جمہوری انداز میں یہاں کے عوام کی مسائل کو اجاگر کرنے اور انھیں حل کرنے کیلئے حتی الامکان مسلسل کوشش و جہد کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے مسلسل نظرانداز کرنے اور استحصالی عمل اپنانے کی وجہ سے بلوچستان کے تمام اضلاع ہمیشہ گوناگوں مسائل سے دوچار رہی ہے۔ماضی اور حال میں غیرجمہوری قوتوں کے آشیرباد سے اقتدار حاصل کرنے والوں کی غلط پالیسی اور ناکام طرزِحکمرانی کی وجہ سے آج ہم صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی، معیاری سڑک، بجلی جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی این پی جمہور کی ترجمان جماعت ہے۔ یہاں کے عوام کی دکھ درد اور مصائب میں ان کے ساتھ کھڑی رہتی ہے۔ تمام تر مفادات سے بالاتر عوام کے ساتھ ایک نظریاتی رشتہ ہے۔اس رشتے کو برقرار رکھنے کیلئے پارٹی رہنما و کارکنان اپنی تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی اعتماد کو بحال رکھنے میں اپنا قومی کردار اداکرکے جدوجہد میں مصروفِ عمل رہتے ہیں۔

شفیق الرحمٰن ساسولی نے کارکنان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ضلع خضدارکے تمام علاقوں زہری باغبانہ کرخ مولہ نال گریشہ زیدی وڈھ آڑینجی سارونہ اور تحصیل خضدار سمیت پورے بلوچستان کے عوام کی حقوق، جان و مال کی تحفظ تمام تر چیزوں سے عزیز ہیں۔ بحیثیت پارٹی کے ضلعی صدر ضلع خضدار میں امن و امان کی صورتحال اور اپنے عوام کی بدحالی، بیروزگاری سے بخوبی واقف ہوں۔

ہم ترقی اور خوشحالی، بیروزگاری کے خاتمے، امن و امان کی بحالی کیلئے ہمیشہ میدانِ جہد میں ہیں۔ اس جہد کو آگے بڑھانے کیلئے ہمارے رہنما و ورکرز کے صفوں میں اتحاد ویکجہتی بہت مضبوط ہے۔ ہمارے ورکرز سازشی عناصر کے منفی ہتھکنڈوں کو ناکام بنانے میں بہتر کردار ادا کرنے کے اہل ہیں۔نظریاتی دوست کسی کی غیر نظریاتی بہکاوے کا شکار نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ بی این پی کے اصل سرمایہ محنت کش ورکرز ہیں۔

ہمارے پارٹی کارکنان ذاتی مفادات سے بالاتر سیاسی جمہوری قومی حقوق کی جدوجہد کرتے ہیں۔ ضلع میں پارٹی رہنما و کارکنان منظم طورپر عوام کے ارمانوں احساسات جذبات اور خواہشات کی حقیقی امنگوں کی ترجمانی میں پیش پیش رہتے ہیں۔خضدار اخترجان مینگل کا ہوم ڈسٹرکٹ ہے بلوچستان کے دوسرے اضلاع کی طرح یہاں عوام کی نظریں صرف اور صرف بی این پی کی جدوجہد پر مرکوز ہیں۔

اور قائد اخترجان مینگل کی قیادت میں پارٹی عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہی ہے اور رہے گی۔درایں اثناء ضلعی عہدیداران، تحصیل خضدار، زیدی، مولہ، باغبانہ کے عہدیداران سمیت پارٹی کے سینئر کارکنان کثیر تعداد میں شریکِ اجلاس تھے۔