|

وقتِ اشاعت :   February 15 – 2021

خضدار: ڈپٹی کمشنر خضدار محمد ولی بڑیچ نے کہاہے کہ خضدار تاریخی ثقافتی حوالے سے روایات کا مرکز ہے، جہاں کام کرتے ہوئے ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں اور کوئی آفیسر ہمہ وقت کام کرنے اور شہریوں کے مسائل کے حل میں مگن رہتا ہے، میں اور میری پوری ٹیم اس ڈسٹرکٹ کے تمام مسائل کو چیلنج سمجھ کر کام کررہی ہے۔ خضدار کے لوگ معاملہ فہم اور معاون بننے والے ہیں۔

شہریوں کے اشتراک سے خضدار شہر اور تحصیلوں میں تعمیرو ترقی اور مسائل کے حل کے لئے پیش رفت کیا جائیگا، تجاویز اور مشاورت کی صورت میں مسائل کا حل میری ترجیحات میں شامل ہے، شہری جائز مسائل کے حل کے لئے جب بھی چاہیں میرے دفتر آسکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی کمشنر خضدار محمد ولی بڑیچ کا کہنا تھا کہ بلارنگ ونسل عوام کی خدمت اور ان کے مسائل حل کیئے جائیں گے، خضدار اس وقت ترقی کرنے والا ڈسٹرکٹ ہے جو تمام شاہراہوں کے لئے چوک اور جنکشن کی حیثیت رکھتا ہے، اس شہر کا مستقبل روشن اور تابناک ہے، کوشش ہے کہ اس کو چیلنج سمجھ کر خضدار کے ماسٹرپلان بنانے کے لئے اقدامات عمل میں لائیں۔

آبادی کی وسعت اوربڑھتے کاروباری رجحان کو مدِ نظر رکھ کر خضدار میں حکمت عملی اپنائی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ خضدار سے ماربل،کرومائیٹ سمیت دیگر بہت سارے معدنیات نکل آتے ہیں، جس سے اچھا خاصا لوگوں کا روزگار وابستہ ہے، حکومت اس حوالے سے ہر آنے والے سال کے ساتھ بہتر منصوبہ بندی کررہی ہے تاکہ عوام زیادہ سے زیادہ باروزگار ہوں اور غربت و پسماندگی کا خاتمہ ہو، خضدار قومی شاہراہ کے سنگم پر واقعہ ہونے کی وجہ سے کاروبار اور تجارت کے لحاظ سے ایک مرکزی حیثیت اختیا ر کرتا جارہاہے۔

خضدار میں وسیع پیمانے کی ایک سبزی منڈی بھی قائم ہے کراچی، اندرونی سندھ اور پنجاب تک تازہ سبزیاں پھل میوجات سپلائی ہوتی ہیں اور مذکورہ صوبوں سے تازہ پھل اور سبزیاں خضدار سپلائی کی جاتی ہے، اس کی بڑی وجہ قومی شاہراہوں کی تعمیر ہونا اور آمدو رفت میں آسانیاں پیدا ہونا ہے۔، انہوں نے کہاکہ خضدار روایات اور ثقافت کے حوالے سے اپنی ایک تاریخ رکھتی ہے۔

اس لیئے یہ ڈسٹرکٹ پورے ملک کے لئے منفرد مقام اور حیثیت کا حامل ہے، وسیع و عریض ضلع ہونے کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داریوں میں بھی کافی حد تک اضافہ ہوجاتا ہے،چیلنجز اور مسائل کے باوجود عوام کے تعاون سے ان مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات کیئے جارہے ہیں، ڈپٹی کمشنر خضدار محمد ولی بڑیچ کا کہنا تھاکہ خضدار کے باشندے معاملہ فہم ہیں جو تعاون بھی کرتے ہیں۔

اور مثبت اقدامات میں ساتھ بھی دیتے ہیں یہ اس علاقے کی خصوصیات میں سے ہیں یہاں کام کرتے ہوئے ہمیں کسی بھی قسم کی دقت اور دشواری کا سامنا کرنا نہیں پڑرہا ہے بلکہ جب مسائل حل ہوتے ہیں شہریوں کے چہرے پر خوشی آتی ہے تواس سے ہمیں سکون بھی ملتا ہے۔