|

وقتِ اشاعت :   February 16 – 2021

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پشین کے ضمنی انتخاب میں پی ڈی ایم کے امیدوار کی جیت در اصل عوام کا حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار ہے آج ثابت ہوگیا کہ عوام صرف جلسوں کی حدتک ہی نہیں بلکہ مینڈیٹ اور ووٹ کی حدتک بھی پی ڈی ایم کے ساتھ ہے،سید عزیز اللہ آغا کو بھر پور کامیابی پر مسلم لیگ(ن) کی جانب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

یہ بات انہوں نے یہاں جاری اپنے ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ حکومتی اتحاد یوں کو پی ڈی ایم کے امیدواروں کے ہاتھوں دگنے ووٹوں سے شکست ہوئی ہے ضلع پشین کی عوام نے بھی ثابت کردیا کہ وہ پاکستا ن ڈیموکریٹک موومنٹ کے ساتھ اور حکومت کے خلاف ہیں انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں صاف و شفاف انتخابات کروائے جائیں تو اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ بلوچستان سمیت ملک کے کونے کونے سے عوام کی بھاری اکثریت پی ڈی ایم کو ووٹ دیگی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری ضمنی انتخابات میں پی ڈی ایم کی فتح در اصل حکومت پر عوام کا عدم اعتماد ہے عوام دشمن فیصلوں نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے اب عوام ملک میں جمہوری اور حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں آئندہ عام انتخابات میں بھی بلوچستان سمیت ملک بھر سے پی ڈی ایم ہی کامیاب ہوکر بر سر اقتدا آئیگی اور عوام کے مسائل کو حل کریگی۔