نوشکی: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن میر خورشید جمالدینی نے اپنے جاری کردہ بیان میں نوشکی میں بڑھتے ہوئے ڈکیتی اور چوری کے واقعات میں اضافہ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ نوشکی میں چوری ڈکیتی کے واقعات میں اضافے سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور شہری تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
دو واقعات میں خطیر رقم گن پوائنٹ پر لوٹنے سمیت صحافی سمیت متعدد موٹر سائیکل چوری ہونے کے واقعات انتہائی ناخوشگوار صورتحال کی نشاندہی کررہے ہیں جس پر اہل نوشکی کو شدید تشویش ہے۔پولیس عوام کے تحفظ میں تاحال ناکام نظر آرہی ہے اور ڈاکو و چور مکمل آزادی کے ساتھ عوام کو لوٹنے میں مکمل آزاد نظر آرہے ہیں۔ضلع میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پریشان کن ہے۔
اچانک ڈکیتی و چوری کے واقعات سے عوام خود کو غیر محفوظ تصور کررہے ہیں ضلعی انتظامیہ اور خصوصا پولیس پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ان واقعات کے سدباب کے ساتھ ساتھ ان واقعات میں ملوث سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاون کرکے عوام کو تحفظ فراہم کریں۔
انہوں نے کمشنر اور ڈی آئی جی رخشان ڈویڑن سے مطالبہ کیاہے کہ وہ ان واقعات میں ملوث مجرموں کے خلاف کاروائی عمل میں لاکر عوام کو تحفظ فراہم کریں۔شہر میں قیام امن کو یقینی بنانا پولیس فورس کی ذمہ داری بنتی ہے اور پولیس سیکورٹی اقدامات میں اضافہ کریں۔