|

وقتِ اشاعت :   February 17 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان متحدہ لوکل بس ایسوسی ایشن نے انتظامیہ کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر لوکل بس مالکان کو پارکنگ سے روکنے کے خلاف احتجاج شروع کردیا اور بسیں کھڑی کردیں۔

لوکل بس ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے مطالبہ کیا ہے کہ جب تک انہیں وعدے کے مطابق لوکل بسوں کی پارکنگ کی اجازت دی جائے۔ بدھ کو بلوچستان متحدہ لوکل بس ایسوسی ایشن کے صدر حاجی محمد اسحاق بازئی،جنرل سیکرٹری شیر احمد بلوچ،چیئرمین محمد حنیف شاہوانی کی قیادت میں لوکل بس مالکان نے احتجاجا لوکل بسوں کو زرغون روڈ پر کھڑی کرکے احتجاج شروع کردیا۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ 15سالوں سے کوئٹہ کے لوکل بس مالکان مستقل اڈہ نہ ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ خوار ہیں پہلے ایک جگہ کا تعین کردیاجاتاہے اور بعد میں پھر تبدیل کرکے نئے جگہ کاکہاجاتاہے،لوکل بس مالکان شدیدمشکلات سے دوچارہیں،کورونا میں ٹرانسپورٹ کی بندش سے لوگوں کو مالی نقصان کاسامنا کرنا پڑا لوکل بس ایسوسی ایشن کے ساتھ 2006 میں فائربریگیڈ میں اجلاس ہواتھا۔

جس میں اس وقت کے حکام موجود تھے اور وعدہ کیاتھاکہ لوکل بسوں کیلئے سرکلر روڈ اڈے کو الاٹ کیاجائے گالیکن 15سال گزر گئے اور معاملہ جوں کا توں ہے ایسے میں لوکل بس مجبورا اپنے حق کیلئے احتجاج کا راستہ اپنانے پرمجبور ہیں آج لوکل بسوں کو احتجاجا روڈوں پر کھڑے کردیاگیاہے۔اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ہم اپنے احتجاج کومزید وسعت دیں گے۔