کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ پشین، سانگھڑ ، ملیر کے ضمنی انتخابات میں بیک وقت پی ڈی ایم کی کامیابی حکومت کے جانے کی نوید ثابت ہوگی، سلیکٹڈ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں آج اگر ملک میں انتخابات کروا دئیے جائیں تو پی ٹی آئی اور اسکی نام نہاد اتحادی جماعتوں کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی ۔
نا اہل اور ناتجربہ کار حکومت کو ایک ہی دن میں تین ضمنی انتخابات میں شکست کے بعد اخلاقی طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے تھا، یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی انہوں نے کہا کہ حلقہ پی بی 20پشین کے ضمنی انتخاب میں غیور اور با شعور عوام نے ایک بار پھر سے جھوٹے اور نام نہاد دعوے کرنے والے حکمران جماعتوں کے اتحاد کو بھاری اکثریت سے مسترد کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر ہمارے موقف کی تائید ہوئی ہے کہ یہ حکومت بنی نہیں اسے بنایا گیا تھا اور بنی گالہ ہی ملک کو درپیش موجودہ بحرانوں کا مرکز ہے انہوں نے کہا کہ کاش 2018میں بھی عوام کو آزادی سے ووٹ ڈالنے دیا جاتا اور انکے حق پر شب خون نا مارا جاتا تو آج ملک کے حالات مختلف ہوتے ، حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پشین ، سانگھڑ ، ملیر میں بیک وقت اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو کامیاب ملنا اس بات کاثبوت ہے کہ عوام نے تبدیلی سرکار کو مسترد کرتے ہوئے۔
پی ڈی ایم کے بیانیے کو اپنایا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اتنی بار شکست خوردہ ہونے کے بعد استعفیٰ دیکر گھر چلی جائے او ر ملک میں آزادنہ عام انتخابات کروائے جائیں تا کہ عوام اپنی مرضے کے نمائندوں کا انتخاب کر سکیں۔
انہوں نے پی ڈی ایم کے کامیاب امیدوار سید عزیز اللہ کو مبارکباد جبکہ پیپلز پارٹی کے تمام عہدیداروں ، سابقہ امیدوار ، کارکنوں کوخراج تحسین پیش کیا کہ جنہوں نے دن رات کاوشوں سے پشین میں پی ڈی ایم کے امیدوار کو کامیابی سے ہمکنار کروایا۔