|

وقتِ اشاعت :   February 18 – 2021

کراچی: پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ حکومت کے غلط اقدامات کی وجہ سے پی ڈی ایم کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے وہ وقت دور نہیں جب ملک میں عوام کی حقیقی جمہوری مخلوط حکومت قائم ہو گئی۔

وہ گذشتہ روز قصر ناز کراچی میں پختونخواہ ملی عوامی پارٹی سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری فضل ودودخان کی سربراہی میں آنیوالے وفد کے اراکین سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پختون قوم کی تاریخ ہے کہ اس نے ہمیشہ حق اور سچ کا ساتھ دیا سندھ کی ترقی اور خوشحالی میں پختونوں کا خون اور پسینہ بھی شامل ہے۔

اس موقع پر میں پختونخواہ ملی عوامی پارٹی سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری فضل ودودخان نے سندھ بالخصوص کراچی میں بسنے والے پختونوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور انہیں بتایا کہ سندھ کی حکومت ہماری جماعت کی اتحادی ہونے کے باوجود پختون عوام کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہی

۔ جس پر پارٹی سربراہ محمود خان اچکزئی نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کو کراچی اور سندھ میں بسنے والے پختونوں کے تحفظات اور احساس محرومی سے آگاہ کرینگے اور ان کی جماعت پختونوں کو کسی بھی صورت میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔