کوئٹہ: سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان رکن صوبائی اسمبلی نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان پر عملدرآمد ہوتا نظرنہیں آرہا تبدیلی کے دعویداروں نے عوام کے حالات اتنے تبدیل کردیئے ہیں کہ عام آدمی نان شبینہ کا محتاج ہوتا جارہا ہے صورتحال یہی رہی تو حکومت کا چلنا مشکل ہو جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کے لئے آنے والے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ ملک کے عوام نے موجودہ حکمرانوں کو اس امید کیساتھ اقتدار سونپا تھا کہ وہ ان کے حالات کی بہتری مہنگائی کے خاتمے اور فلاح و بہبود کے لئے کام کریں گے مگر افسوس کیساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ تبدیلی کا نعرہ لگا کر اقتدار میں آنے والوں کے رویے ہی تبدیل ہو چکے ہیں اور ایسا محسوس ہورہا ہے کہ اب انہیں عوام کی کسمپرسی‘ بے حالی اور غربت سے کوئی سروکار نہیں یہی وجہ ہے کہ مہنگائی میں روزبروز ہوتا اضافہ عام آدمی کی زندگی اجیرن کر چکا ہے۔
مگر اس تمام ترصورتحال میں بھی اہل اقتدار نرم کرسیوں پر بیٹھے سب اچھا ہے کہ راگ الاپ رہے ہیں انہوں نے کہاکہ ماضی کی نسبت دیکھا جائے تو آج صورتحال بہتری کی جانب جانے کی بجائے ابتری کی جانب گامزن ہے جو ناقص پالیسیوں‘ اقرباء پروری اور بے احساسی کی واضح مثال ہے انہوں نے کہا کہ اگر صورتحال یہی رہی تو اور حکمرانوں نے اپنی روش تبدیل نہ کی تو حکومت کا چلنا محال ہو جائے گا۔
کیونکہ عوامی طاقت ہی حکومتوں کو دوام بخشتی ہے جب عوام ہی اقتدار والوں سے بیزار ہونگے تو ایوانوں میں سکون کی نیند سونے والوں کی نیندیں حرام ہو جائیں گی انہوں نے کہاکہ اب بھی وقت ہے کہ اہل اقتدار ایسی پالیسیاں مرتب کریں جن پر چلتے ہوئے عوام کو ریلیف ملے مہنگائی کا خاتمہ اور بے روزگاری سے جان چھڑائی جاسکے تاکہ عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہونے سے بچا جاسکے۔