|

وقتِ اشاعت :   February 19 – 2021

کو ئٹہ: ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان ملک ذیشان حسین نے حکومت کی جا نب سے سینیٹ الیکشن میں شو آف ہینڈز کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سپریم کورٹ یا الیکشن کمیشن پارلیمنٹ کے بنائے قوانین پر عمل در آمد کرنے کے پابند ہیں، پارلیمان سب اداروں کی ماں ہیں جو آئین سازی کرتی ہے اور اسی آئین سازی سے پاکستان کے قومی ادارے معرض وجود میں آئے ہیں۔

چور دروازے سے آئینی تبدیلیاں نہیں کرنے دیں گے، ووٹ چور اور نالائق، نااہل حکمران نہ ہی قومی مسائل حل کر سکے اور نہ ہی قومی معیشت کو سنبھال سکے، ملکی معیشت کو خود ساختہ مہنگائی کے ہاتھوں گروی رکھ کر غربت، بھوک، افلاس، ناخواندگی، بیماری میں اضافی کیا، نہ قرضے اترے، نہ بے گھروں کو گھر اور نہ بیروزگار نوجوانوں کو نوکری ملی۔

ملک ذیشان حسین نے کہا کہ تبدیلی کے جھوٹے نعرے سے عوام کے ساتھ ساتھ اراکین اسمبلی بھی نالاں ہیں، اسی لئے سینٹ الیکشن سے قبل اراکین کی ہمدردیاں خریدنے کے لئے قومی خزانے سے ترقیاتی کاموں کے بہانے قومی خزانے کو رگڑا لگایا جارہا ہے۔ملک ذیشان حسین نے مزید کہا کہ جمہوریت کے لئے جدوجہد کرنے والے راہنما یوسف رضا گیلانی کے مقابلے میں پی ٹی آئی کو کوئی سیاسی کارکن نہ ملا تو آئی ایم ایف کے ڈاکو کو سینٹ الیکشن کا امیدوار بنادیا۔

گیلانی اس ملک کے جمہوری عوام کے نامزد نمائندہ ہیں ان کی جیت سے استعماری آمریت کے حواری ناکام ہوں گے پٹرول، گیس، بجلی، ادویات،آٹ، چینی چوروں اور فارن فنڈنگ کے مافیا کو رخصت کرنے کا وقت آگیا ہے۔