|

وقتِ اشاعت :   February 19 – 2021

تربت: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد مختصر دورہ پر تربت پہبچ گئے، وفاقی وزرا اور مشیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے پاک ایران سرحد جاکر تربت، مند اور ردیگ کے سرحدی علاقوں کا فضائی معائنہ کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے بلوچستان میں حالیہ قائم گبد، ریمدان پاکستان ایران ٹریڈ گیٹ وے کا معائنہ بھی کیا اور پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی سامان کی ترسیل سے متعلق سہولیات کا جائزہ لیا۔ آئی جی ایف سی ساؤ تھ میجر جنرل ایمن بلال صفدر وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان، ایران سرحد پر باڈ کی تنصیب کا کام 40 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ سرحدی نظم و ضبط کو یقینی بنا رہے ہیں اس سے ملک کی داخلہ سلامتی یقینی بنانے میں کامیاب ہوں گے۔

اور اس کے ساتھ ملکی تجارت کے فروغ اور لوگوں کی آمدورفت آسان بنائیں گے۔ یاد رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ ان دنوں بلوچستان کا دورہ کررہے ہیں، اس دوران گوادر پورٹ اور تفتان بارڈر کا بھی معائنہ کریں گے۔ وہ جمعہ کو گوادر سے تربت آئے جہاں پہ مختصر قیام اور جائزہ لینے کے بعد یہاں سے روانہ ہوگئے۔