|

وقتِ اشاعت :   February 20 – 2021

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ انتخابات جیتنے کے لئے ہوائی فائرنگ نہیں بلکہ کاکردگی دیکھانی پڑتی ہے حکومت نے سیالکوٹ اور وزیر آباد کے ضمنی انتخابات میں فائرنگ کے ذریعے ووٹروں کو ڈرانے کی کوشش کی تاکہ ٹرن آئوٹ کم ہو اور اسے کم مارجن سے شکست ہو لیکن وہ بھول گئے ہیں کہ ہم حکومت کے اوچھے اور آمرانہ ہتھکنڈوں سے کسی بھی صورت مرعوب نہیں ہونگے۔

یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی انہوں نے کہا کہ جمعہ کو سیالکوٹ اور وزیر آباد کے حلقو ں میں ضمنی انتخابات کے دوران حکومت نے دھاندلی کا نیا طریقہ ایجاد کیا ہے پورا دن ان علاقوں میں فائرنگ کرکے خوف و ہراس پھیلایا گیا تاکہ ووٹر گھروں سے نہ نکلیں اور حکومت بڑی شکست سے بچ جائے انہوں نے کہا کہ پر امن انتخابات کی ذمہ داری انتظامیہ اور حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

لیکن انہوں نے خود ہی امن و امان خراب کرکے ووٹر ٹرن آئوٹ کو کم کرنے کی ناکام کوشش کی لیکن انکی دھاندلی بھی کام نہ آسکی اور مسلم لیگ(ن) نے دونوں حلقوں میں ضمنی انتخاب جیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی پوری کوشش رہی کہ وہ مسلم لیگ(ن) کے حلقوں میں کم ووٹوں سے ہار جائے لیکن ایسا ممکن نہیں ہوسکا انہیں ایک بار پھر شکست فاش کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے انہوں نے کہا کہ انتخابات جیتنے کے لئے ہوائی فائرنگ نہیں بلکہ کاکردگی دیکھانی پڑتی ہے جو حکومت اڑھائی سالوں میں نہیں دیکھا پائی عوام نے حکومت کو یکسر طور پر مسترد کردیا ہے ۔