|

وقتِ اشاعت :   February 20 – 2021

کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے سینیٹ انتخابات 2021 کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کا منشور عوام کی خدمت اور صوبے کے مجموعی فلاح و بہبود ہے انہوں نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں امیدواروں کی نامزدگی خالصتا ًمیرٹ کی بنیادوں پر کی گئی ہے بی اے پی صوبے میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر صوبے کے وسیع تر مفاد میں مثبت اور تعمیری اقدامات کے تسلسل کو جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ بی اے پی صوبے کی سب سے  بڑی نمائندہ جماعت ہے جس کی نمائندگی نہ صرف قومی اسمبلی و سینیٹ میں ہے بلکہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں بھی ہے انہوں نے کہا کہ بی اے پی صوبے کی اجتماعی ترقی اور خوشحالی کو عملی جامہ پہناتے ہوئے وفاق میں صوبے کے مفادات اور صوبے کی عوام کی مجموعی ترقی کے لئے ہمہ وقت کوشاں رہے گی۔

بلوچستان عوامی پارٹی کی عوام دوست پالیسیاں نامزد امیدواروں کی کامیابی کی صورت میں نظر آئیں گی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی نے اقتدار میں آ کر عوام کے وسیع تر مفاد میں بہترین فیصلے کیے ہیں۔

وزیراعلی جام کمال خان کی قیادت میں بلوچستان عوامی پارٹی نے صوبے کو ترقی کی راہ پہ گامزن کردیا ہے بی اے پی پارٹی کے نامزد امیدواران سینیٹرز بن کر وفاق میں صوبے کی احسن انداز سے نمائندگی کریں گے۔