|

وقتِ اشاعت :   February 22 – 2021

کوئٹہ/نصیر آباد: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صد ر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان مسلم لیگ(ن)کا دوسرا گھر ہے صوبے کی عوام نے مسلم لیگ(ن)کی ریلیوں اور احتجاجی مظاہروں کو کامیاب بنا کر ثابت کردیا ہے کہ انکی نظریں اور امیدیں مسلم لیگ(ن) سے وابستہ ہیں، بلوچستان کے لوگ اڑھائی سالوں سے غربت، مہنگائی، بے روزگاری کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور یہ احتجا ج حکومت کے خاتمے تک جاری رہیں گے ،یہ بات انہوں نے اتوار کو مسلم لیگ(ن) کے زیر اہتمام مہنگائی، بے روزگاری،حکومت کے خلاف نصیر آباد میں نکا لی گئی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو تڑپا تڑپا کر مارنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی حکومت کا ہر فیصلہ عوام دشمن ہے حکومتوں کا کام مہنگائی، بے روزگاری ، بد امنی کاخاتمہ ہے لیکن آج پاکستان بلخصوص بلوچستان میں حکومت اس کے برعکس بدامنی سمیت دیگر مسائل کو اپنی ناقص حکمت عملی کے ذریعے فروغ دے رہی ہے انہوں نے کہا کہ نصیر آباد بلوچستان کی زراعت میں اہم ترین علاقہ ہے یہاں سے گندم سمیت دیگر اہم فصلوں کی کاشت کی جاتی ہے لیکن حکومت کی جانب سے بدتر ین انتظامی غفلت اور لا پرواہی۔

واجبات کی عدم ادائیگی پر نصیر آباد میں بد ترین لوڈ شیڈ نگ کی جارہی ہے جسکی وجہ سے کاشت کار پریشانی کی شکار ہیں انہوں نے کہاکہ کیسکو واجبات کی عدم ادائیگی کا غمیاز صوبے کی عوام بھگت رہی ہے زمینداروں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے کاشت کار نان شبینہ کے محتاج ہونے والے ہیں لیکن حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگھ رہی انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آج غربت اور پسماندگی میں اضافے کی وجہ سے بد امنی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے لوگ غربت اور بے روزگاری کے ہاتھوں جرائم کی جانب راغب ہورہے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج مسلم لیگ(ن) کے احتجاجی مظاہروں میں زمیندار، کاشت کار، کسان، مزدور، نوجوانوں سمیت ہر طبقہ ہمارے ساتھ ہے اور لبیک کہہ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام اپنے مسائل اور بحرانوں کا حل مسلم لیگ(ن) میں تلاش کرتی ہے اڑھائی برس میں عوام کو یقین ہوگیا ہے کہ یہ حکومت صرف جھوٹے دعوے اور کھوکھلے نعرے لیکر میدان میں آئی اور اب عملی طور پر اسکی کارکردگی صفر ہے انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں ، مسلم لیگ(ن) کے کارکن اور عوام صوبے بھر میں جاری مظاہروں میں بھر پور شرکت کے حکومت کے خلاف ریفرنڈم دیں کہ اب اس حکومت کو مزید رہنے کی بجائے از خود مستعفی ہوجانا چاہیے ۔قبل ازیں مسلم لیگ(ن) نصیر آباد کے زیر اہتمام مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور عوام دشمن حکومت اقدامات کے خلاف نصیر آباد میں ریلی نکالی گئی جس میں پارٹی کارکنوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ریلی کے شرکاء نے حکومت مخالف نعرہ بازی ریلی کے شرکاء نے حکومت مخالف بینرز بھی اٹھا رکھے تھے ۔