|

وقتِ اشاعت :   February 22 – 2021

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا ایسا منفرد صوبہ ہے جہاں بیک وقت مختلف زبانیں بولی اور سمجھی جاتی ہیں مادری زبان نہ صرف اس گلوبل ولیج میں انسان کی قومی شناخت ہے بلکہ یہ تہذیب و تمدن اور ثقافت کے اظہار کا بہترین ذریعہ بھی ہے۔ آج کے ڈیجیٹل دور میں بھی مادری زبان کی اہمیت و افادیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

مادری زبانوں کے عالمی دن کے حوالے سے وزیراعلی نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ مادری زبان میں تعلیم کا حصول انسان کا بنیادی حق ہے۔ حکومت مادری زبان میں تعلیم کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اسی طرح لسانی اور ثقافتی تنوع کے شعور کو فروغ دینے کے لیے بھی ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مادری زبان میں تعلیم کی فراہمی سے بچوں کو سمجھنے، جانچنے اور پرکھنے میں آسانی ہوگی۔

اور قیمتی وقت، توانائی اور پیسے کا ضیاع بھی نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ مادری زبان صرف عام بول چال کی زبان نہیں بلکہ صدیوں پر محیط تاریخ ثقافت اور کئی نسلوں کی قربانیوں کی عکاس اور اکابرین سے اپنائیت کا ذریعہ ہوتی ہے۔ وزیراعلی نے قومی زبانوں کے تحفظ اور فروغ کے لئے اپنی پوری زندگی وقف کرنے والے لیجنڈز کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ گلوبل ولیج جسے ہم دنیا کہتے ہیں۔

کی رنگینی،خوبصورتی اور بقاء مادری زبانوں کی حفاظت و ترویج سے ہی وابستہ ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم نہ صرف اپنی زبان سے محبت کریں بلکہ دوسروں کی مادری زبانوں کا بھی احترام کریں۔