کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں غیر جمہوری رویوں ،آمرانہ طرز حکومت کی انتہا کردی ہے ملک میں عوام کے حقوق سلب ہیں، مہنگائی، بے روزگاری ، بد امنی نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے، ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی کامیابی سے ثابت ہوگیا ہے کہ عوام نے نواز شریف کا بیانیہ اپنایا ہے۔
یہ بات انہوں نے پیر کو مچھ میں مسلم لیگ(ن) کے زیر اہتمام مہنگائی، بے روزگاری اور حکومت مخالف ریلی او ر احتجاجی مظاہر ے سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ملک میں دہشتگردی کے خاتمے کے لئے ٹارگیٹڈ آپریشن شروع کئے ایک دور تھا جب ملک میں ہر روز دھماکے ہوا کرتے تھے بدامنی اور لاقانونیت عروج پر تھی۔
بیرونی اور اندرونی دشمنوں نے ملک بلخصوص بلوچستان کو گھیرے میں لے رکھا تھا 2013میں میاں نواز شریف نے سیکورٹی فورسز اور عوام کے تعاون سے دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن کاروائی کی داغ بیل رکھی جس کے بعد 2018میں مکمل میں دہشتگردی کی شرح تقریبا نہ ہونے کے برابر رہ گئی اور ملک میں معاشی و معاشرتی سرگرمیاں شروع ہوئیں ، سرمایہ کاروں نے پاکستان کا رخ کیا ۔
اور سی پیک منصوبے پر کام شروع ہوا آج آپریشن رد الفساد کے چار سال بھی مکمل ہوئے یہ آپریشن بھی مسلم لیگ(ن) کے دور میں شروع کیاگیا انہوں نے کہا کہ آج ملک میں امن و امان بہتر ہونے کا کریڈیٹ میاں نواز شریف اور انکی ٹیم میں کام کرنے والی سیکورٹی فورسز قیادت اور عوام کے سر جاتا ہے جنہوں نے مشکل دور میں اکھٹے کھڑے ہوکر دہشتگردوں کو نا صرف للکارا بلکہ انہیں شکست دی ۔
جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ آج حکومت کی عدم توجہ کی وجہ اور غیر ذمہ دارنہ طرز حکمرانی کی وجہ سے مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا اور اسی وجہ سے بد امنی اور جرائم کے واقعات بھی رونما ہورہے ہیں موجودہ حکومت نے ملک کو ہرشعبے میں ابتری کی جانب گامزن کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج عوام حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت کو تمام تر حربوں کے باوجود ضمنی الیکشن میں عبرتناک شکست ہوئی ہے۔
عوام نے مہنگائی اوربیروز گاری کے خلاف ووٹ ڈالا ہے،عوام نے نواز شریف کے بیانیے کی تائید کی جس کے باعث جیت ہوئی۔سینٹ انتخابات میں بھی پی ٹی آئی کے امیدواروں کو شکست ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے حکومت کے خلاف عدم اعتماد کیا انشاء اللہ وہ د ن دور نہیں جب مسلم لیگ(ن) مرکز اور بلوچستان میں حکومت قائم کریگی اور ملک کو ایک بار پھر ترقی کی جانب گامزن کریگی ۔