خضدار: ڈپٹی کمشنر خضدار محمد ولی بڑیچ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر رہنماء آغا شکیل احمد خضداری کے مابین اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں شہری عوامی مسائل، متنازعہ اراضیات، قبضہ گیری سمیت دیگر معاملات زیر غور آئے،اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر رہنماء آغا شکیل احمد خضداری نے کہاکہ عوامی مسائل کے حل اور فلاح وبہبود کے لئے ہم انتظامیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انتظامیہ قانون پر عملداری اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا کردار نبہائے، شہرمیں شہریوں کو جو پریشانیاں لاحق یا کہ لینڈ مافیاکی جانب سے انہیں جو مسائل درپیش ہیں اس حوالے سے انتظامیہ شہریوں کی سرپرستی اور ان کی ملکیت والی اراضی پر قبضے کے حوالے سے کسی بھی قسم کے سمجھوتے کو قبول نہ کرتے ہوئے شہریوں کے حقوق کا بھر پور انداز میں دفاع کرے، بلوچستان عوامی پارٹی کا پیغام اور پروگرام عوامی ہے۔
جہاں کہیں غریب بے سہارا شہری کے ساتھ کوئی زیادتی ہوتی ہے، یا ان کے حقوق پر ناجائز قبضہ گیری ہوتی ہے اس حوالے سے بی اے پی ان شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون اور معاونت کا کردار نبہانے کے لئے تیار ہے انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر خضدار ایک تجربہ کار اور جہاندیدہ آفیسر ہیں جو اراضی کی حدبندی، سٹلمنٹ کے بارے میں کافی جانکاری اور تجربہ رکھتے ہیں۔
اس حوالے سے وہ اراضی ملکیت کو باریک بینی کے ساتھ دیکھ کر شہریوں کا جائز حق انہیں دلانے میں کردار ادا کرے، ہم انہیں سپورٹ کریں گے اور ہر جائز کام کے حامی بن کر شہریوں کے ساتھ تعاون نبہائیں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خضدار محمد ولی بڑیچ نے کہاکہ میں خضدار کے تمام طبقات اور تمام سیاسی جماعتوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں ان کے تجاویز اور رائے کو اہمیت دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے کردار نبہائے گی۔
ہم یہاں شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور قیامِ امن کے لئے بیٹھے ہیں اور کسی بھی شہری کے ساتھ ظلم و زیادتی نہیں ہونے دیں گے، ضلعی انتظامیہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ تمام شہریوں کو یکساں انداز میں فوقیت دیکر ان کی عزت نفس، مال و جان کی حفاظت کرے اور ملکیت وجائز حق کا تحفظ یقینی بنائے،ا س حوالے سے اقدامات کیئے جارہے ہیں، شہریوں کو مایوس اور احساس کمتری کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ میرے دفتر کے دروازے کھلے ہیں شہری جب چاہیں یہاں آئیں اور اپنے مسائل بیان کریں ان کے مسائل کا حل نکال لیا جائیگا، ڈپٹی کمشنر خضدار محمد ولی بڑیچ نے کہاکہ اجتماعی سوچ اپنانے کی ضرورت ہے جس میں شہر اور ضلع کے عوام کے بہتر مفادات وابستہ ہوں، علاقے کی تعمیر و ترقی ممکن ہو،ا س ملاقات میں بلوچستان عوامی پارٹی خضدار کے آرگنائزرسردار عزیز محمد عمرانی، سکندر ہنینا، سرداربلند خان غلامانی و دیگر شریک تھے۔