کوئٹہ: صوبائی وزیر خزانہ ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ بلیدہ ٹاؤن کی تعمیر سے علاقے کے عوام کو جدید سہولیات میسر آئیں گے۔ شہری سہولیات کی فراہمی سے علاقے میں اقتصادی، معاشی اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آ ئے گی۔ جس سے لوگوں کا معیا ر زندگی بلند ہوگا۔ اور بلیدہ صوبے کے ترقی یافتہ علاقوں کی صف میں کھڑاہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلیدہ ٹاؤن کے تعمیراتی کام کے معیار کے معائنے کے دوران کیا۔ اس موقع پر کمشنر مکران ڈویژن شاہ عرفان غرشین پروجیکٹ ڈائر یکٹر بلیدہ ٹاؤن ڈسٹرکٹ ھیلتھ آفیسر اور علاقے کے عمائدین بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بلیدہ کو کم وقت میں ترقی کی شاہراہ پر کامزن کریں گے۔ اور اس ٹاؤن میں علاقے کے لوگوں کو تمام تر جدید سہولیات بہم فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں تعلیم، صحت، صاف پینے کا پانی، آمدورفت کے جدید ذرائع و دیگر شہری سہولیات کی فراہمی پر توجہ مزکور کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ان کو خدمت کرنے کا موقع دیا ہے۔ اور عوامی امنگوں کو ٹھیس نہیں پہنچائی جائے گی بلیدہ میں ماضی کی نسبت عملی کام نظر آرہا ہے اور علاقہ ترقی کے منازل تیزی سے طے کر رہا ہے۔
جو گزر ے ہوئے وقتوں میں عوامی نمائندگی کا موقع ملنے کے باوجود علاقے کو نظر انداز رکھ کر ذاتی خواہشات کی تکمیل میں رہنے والوں سے ہضم نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کہا کہ بلیدہ میں معیار ی ترقیاتی کام زوروں سے جاری ہے جو کھوکھلے نعرے لگانے والوں اور عوام کو سبز باغ دکھانے والوں کی آنکھ میں کھٹک رہا ہے۔ میر ظہور بلیدی نے کہا کہ بلیدہ ٹاؤن کی منصوبہ بندی دور جدید کے تمام تقاضوں کو مد نظر رکھ کر کی گئی ہے۔
دشوار گزار راستوں کو ھموارکر کے علاقے کے عوام کو آسانیاں فراہم کی جا رہی ہے۔ نئے شاہراہوں کی تعمیر سے علاقے کے عوام کا وقت اور ایندھن کی بچت کے ساتھ ساتھ انہیں روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔