تربت: صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی نے ممبر صوبائی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امور لالہ رشید دشتی اور ڈپٹی کمشنر کیچ میجر ر الیاس کبزء کے ہمراہ بلیدہ میں بجلی کی بندش اور لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پرایس ای واپڑا ریاض پٹھان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایکسیئن واپڈا آپریشن گہرام گچکی ایس ڈی او واپڈا آپریشن مہیم بلوچ سمیت دیگر سرکاری اہلکار اور تحصیل بلیدہ کے عوامی حلقوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھیں۔
اس دوران صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بجلی سمیت دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی سرکاری اداروں کی ذمہ داریوں میں شامل ہے اور بحیثیت عوامی نمائندہ یہ ہمارا فرض ہے کہ اگر عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے حوالے سے کوئی مسئلہ پیش آئے تو ہم اس مسئلے کو باہم ملکر گفت و شنید کے ذریعے سے حل کروائیں۔
انہوں نے واپڈا اہلکاروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ بجلی کی فراہمی کے میکینزم کو ایک بہتر طریقہ کار کے تحت کرلیں اور میٹر ریڈنگ کے عمل کو شفاف انداز میں سرانجام دیدیں تو یقیناً ان کے واجبات میں بہتری آئیگی اور سرکاری محصولات میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے واپڈا اہلکاروں کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی لائیں اور ٹرانسفروں کی بحالی و مرمت کو جلد مکمل کرلیں تاکہ عوام گرمی کے موسم میں سکون کا سانس لے سکیں۔
اس دوران ایس ای واپڑا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ واپڈا کو فیلڈ اسٹاف میں شدید کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے چیزوں کو مینیج کرنے میں کچھ دقت پیش آرہی ہے جبکہ دیگر مسائل میں صارفین کی جانب سے بجلی کے خرچ اور بلوں کی ادائیگی کے تناسب میں گیپ زیادہ ہونے کی وجہ سے ہمیں مجبوراً لوڈ شیڈنگ کرنا پڑ رہا ہے جبکہ دیگر مسائل میں گرڈ کے دو میں سے ایک ٹرانسفر کی خرابی کی وجہ سے بلیدہ کے دونوں فیڈروں کو بجلی کی بہ یک وقت فراہمی میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔
اس دوران ظہور احمد بلیدی نے ایس ای واپڑا ریاض پٹھان کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ گرڈ اسٹیشن کے ٹرانسفارمر کی تبدیلی کے لیے حکام بالا سے فوراً رجوع کریں تاکہ جلد از جلد گرڈ اسٹیشن میں نیا ٹرانسفارمر نصب کیا جاسکے اور بلیدہ کے دونوں فیڈروں کو بہ یک وقت فراہمی ممکن بنائی جاسکے اس دوران انہوں نے ایس ای واپڑا کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلے میں گرڈ اسٹیشن کے لیے نئے ٹرانسفارمر کی وصولی کے لئے آپ کو ہر ممکن معاونت فراہم کرینگے۔
مگر واپڈا حکام کو بھی فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے بجلی کے نظام میں درستگی پیدا کرنا ہوگی۔ دریں اثناء انہوں نے تحصیل بلیدہ کے مختلف گاؤں اور دیہاتوں کے لوگوں پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جو لوگوں کو بجلی کی میٹر لگانے کے لیے قائل کریگی تاکہ واپڈا کے لائن لاسز میں کمی آئے بعد ازاں انہوں نے واپڈا اہلکاروں پر واضح کرتے ہوئے کہا کہ عوامی حلقوں کی جانب سے لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے ۔
جس سے بل جمع کرنے کے تناسب میں بہتری پیدا ہوگی مگر عوام بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ واپڈا اہلکار اعتماد سازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلیدہ میں بجلی کی نظام میں بہتری لائیں، بازاروں کے خراب ٹرانسفارمروں کی مرمت کریں اور عوامی شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے اوور بلنگ سے باز آجائیں۔ آخر میں عوامی حلقوں کی جانب سے واپڈا اہلکاروں کو بجلی کے نظام میں بہتری لانے کے لیے تجاویز دی گئیں۔