کوئٹہ: اسپیکر بلوچستان اسمبلی کی ہدایت پر سیکرٹر ی بلوچستان اسمبلی نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں کیسکو واجبات کی ادائیگی، سیکور ٹی چیک پوسٹوں پر عوام کولوٹنے، بی ڈی ایم ملازمین کی تنخواہوں کے اجراء اور لوکل گورنمنٹ کے فنڈز ریلیز کرنے کے حوالے سے اسپیکر کی جانب سے دی گئی چاررولنگ پر عملدآمد کے لئے چیف سیکرٹری بلوچستان مراسلہ ارسال کردیا ۔
اور9مارچ سے قبل رپورٹ طلب کرلی ، تفصیلات کے مطابق پیر کو اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت پر سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ کی جانب سے چیف سیکرٹری بلوچستان کے نام لکھے گئے مراسلے میں 19فروری کو ہونے والے اسمبلی اجلاس میں اسپیکر کی جانب سے عوامی اہمیت کے حامل مسائل پر دی جانے والے رولنگز پر عملدآمد کے لئے مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حکومتی بنچز کی جانب سے ایوان میں یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ حکومت کے ذمہ کیسکو واجبات کی ادائیگی ایک ہفتے میں کردی جائیگی تاکہ بلوچستان میں لوڈشید نگ کو کم کیاجا سکے اس حوالے سے چیف سیکرٹری حکومت کی پوزیشن واضح کریں کہ واجبات کب تک ادا کئے جائیں گے ،مراسلے میں کہا گیاہے کہ اسپیکر نے صوبے کی چیک پوسٹوں پر عوام کو لوٹنے کے معاملے پر آئی جی پولیس، کمشنران ، ڈپٹی کمشنران اور ضلعی پولیس افسران کو نوٹس لیکر غیر قانونی چیک پوسٹوں کے خاتمے کے احکامات دئیے تھے۔
جبکہ بی ڈی اے کے ملازمین کی بند تنخواہیں جاری کرنے اور تنخواہوں کو حکومتی کمیٹی کا فیصلہ آنے تک جاری رکھنے کی بھی رولنگ دی تھی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ میں ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں کے فنڈز جاری کرنے کی بھی رولنگ دی گئی تھی۔
تاکہ صفائی ستھرائی کا کام بلاتعطل جاری رہے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ان چاروں معاملات پر دی گئی رولنگز پر جلد از جلد اقدامات کئے جائیں اور اسمبلی سیکرٹریٹ کو تحریری رپورٹ جمع کروائی جائے تاکہ اسے 9مارچ کے اجلاس میں پیش کیاجا سکے ۔