کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اور پاک برطانیہ بزنس کونسل کے اشتراک سے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے کیلئے ویب نار کا انعقاد کیا گیا جس میں یو کے پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین جاوید ملک، بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون، پاکستان ہائی کمیشن لندن کے منسٹر ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ شفیق شہزاد، یو کے پاکستان بزنس کونسل برطانیہ چیپٹر کے صدر سلیم شیخ، پاکستان چیپٹر کے صدر خورشید برلاس۔
یو کے پاکستان بزنس کونسل کے ہیڈ آف ایڈوائزری بورڈ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، ٹرتھ انٹرنیشنل کے چیف ایگزیکٹو محمد فہد تھہیم سمیت برطانوی بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے اس موقع پر شرکاء کو بلوچستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع، حکومت کی جانب سے دی گئی مراعات،سہولیات اور مختلف منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
انہوں نے مختلف سوالات کے جواب میں کہا کہ مختلف ممالک میں روڈ شوز کے انعقاد کا منصوبہ بنایا گیا تھا تاہم کورونا کی وجہ سے انہیں ملتوی کرنا پڑا، بلوچستان سپر لیگ ایک بہترین تجویز ہے، گوادر میں مختلف لیول کے میچز کرائے جا رہے ہیں اسکے علاوہ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ جام کمال نے اس گراؤنڈ کیلئے مزید فنڈز کی منظوری دی ہیتاکہ گراؤنڈ کو اپ گریڈ کر کے اس میں نیشنل اور انٹر نیشنل میچز کرائے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ گوشت کی برآمدکے شعبے میں مقامی طور پر مہارت کی کمی ہے اس میں سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے، اس شعبے میں ہم ایران سمیت دیگر اسلامی ممالک کی حلال گوشت کی ضروریات کو پورا کر سکتے ہیں، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کھجور کے چار سے پانچ پروسیسنگ پلانٹس لگارہی ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بہت جلد بڑے پیمانے پر پروجیکٹس شروع کئے جانے کا امکان ہے۔
معدنیات کا شعبہ وزیر اعلیٰ جام کمال خان کے دل کے بہت قریب ہے اور انہوں نے اس شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور رکاوٹیں دور کرنے کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں جن میں بلوچستان منرل ایکسپلوریسوشن کمپنی اور بلوچستان منرل ریسورس لمیٹڈ کا قیام شامل ہے، فوڈ پروسیسنگ کے شعبے میں ماہر کمپنیوں کیلئے بہترین مواقع موجود ہیں، امن و امان سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کو سمجھنا ہوگا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کا تقریباً نصف ہے ایک مخصوص علاقے کے واقعہ کا دیگر علاقوں کی صورتحال پر کوئی فرق نہیں پڑتا ہم سب کو ملکر یہ پیغام آگے پہنچانا ہوگا۔
اور اس سلسلے میں ہم وفود کے دوروں کا خیر مقدم کرینگے تاکہ وہ خود آکر ذصورتحال کا جائزہ لیں، اس موقع پر یو کے پاکستان بزنس کونسل کے ہیڈ آف ایڈوائزری بورڈ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے یقین دلایا کہ کورونا کے بعدبرطانوی سر مایہ کاروں کوبلوچستان کا دورہ کرایا جائیگا۔