|

وقتِ اشاعت :   February 24 – 2021

تربت: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما،میونسپل کارپوریشن تربت کے سابق میئر قاضی غلام رسول بلوچ نے میونسپل کارپوریشن تربت کے ملازمین کی تنخواہوں کی بندش کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملازمین کے احتجاج کی بھرپور حمایت کااعلان کیا اورکہاکہ سلیکٹڈ حکمرانوں کو غریب طبقہ کے ان خاکروبوں پربھی رحم نہیں آتا جو گزشتہ4مہینوں سے اپنی تنخواہوں سے محروم کردئیے گئے ہیں۔

حالانکہ خاکروب انتہائی کم تنخواہ پر سب سے زیادہ محنت کرنے والاطبقہ ہے یہ شہر کی صفائی ستھرائی کرتے ہیں، گردوغبار اور گندگی میں کام کرتے ہیں ان کے ساتھ ایسی ناانصافی ظلم وزیادتی کی انتہا ہے،4مہینہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے بعد اب یہ بے چارے کیا کریں،کوئی انہیں ادھاربھی نہیں دیتا، ہوشربا مہنگائی کے اس دورمیں سفید پوش لوگ اپنی سفید پوشی کابھرم قائم نہیں رکھ سکتے۔

یہ خاکروب اور غریب طبقہ کے ملازمین تو تنخواہیں ملنے کے باوجود 3وقت کی روٹی نہیں کھاسکتے، قاضی غلام رسول بلوچ نے کہاکہ ہمارے دورمیں ان ملازمین کوبروقت تنخواہوں کی ادائیگی ہوتی رہی کیونکہ ہمیں اس امرکا احساس تھاکہ ان قلیل تنخواہوں کے ساتھ بھی ان کاگزربسر ممکن نہیں توبغیر تنخواہ کے وہ کیسے زندگی کاپہیہ آگے لے جاسکیں گے مگر اب تربت کوپیرس اورلندن بنانے کے دعویداروں کے دورمیں یہ غریب ملازمین تنخواہوں سے محروم کردئیے گئے ہیں۔

اوریہ جھاڑو ہاتھ میں لئے صفائی کے بجائے احتجاج پرمجبورکردئیے گئے ہیں نااہل حکمرانوں کی ایسی بے حسی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی ان غریب ملازمین کے ساتھ ہے اگر بروقت ان کی تنخواہوں کی ادائیگی کابندوبست نہیں کیاگیا تو نیشنل پارٹی ان ملازمین اور عوام کے ساتھ مل کر شدیداحتجاج کا راستہ اختیارکرے گی۔