|

وقتِ اشاعت :   February 24 – 2021

مستونگ: شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال مستونگ کا ایم پی اے بلوچستان چیف آف سراوان نواب محمد اسلم خان رئیسانی، نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی، سی ای او Progressive Education Network (PED) ڈاکٹر محمد نجیب، سابقہ ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ بلوچستان چیئرمین تعلیمی فاؤنڈیشن پاکستان ظفر قادر نے دورہ کیا۔

ہسپتال کے ڈپٹی سی او ڈاکٹر داد محمد خواجہ خیل، آر ایم او جنرل ڈاکٹر خلیل احمد ترین نے مہمانوں کا استقبال کیا، ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا اور ہسپتال کی سالانہ کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ مہمانوں نے ہسپتال کی موجودہ کارکردگی کو سراہا اور ہسپتال کی مینیجمنٹ اور بہترین کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آنے سے قبل ہمیں ہرگز یہ اندازہ نہیں تھا کہ صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ہمیں اس قسم کا معیاری ہسپتال دیکھنے کو ملے گا۔

محدود وسائل کے اندر رہ کر صحت کے مختلف شعبوں کا ہسپتال ھذا میں مکمل فعال ہونا اور دور جدید کے تقاضوں کے عین مطابق علاج معالجہ کرنا انتہائی تعریف کے قابل ہے ضلع مستونگ اور قریبی اضلاع کی آبادی اور ہسپتال کا کوئٹہ کراچی جیسے اہم شاہراہ پر واقع ہونے کو مدنظر رکھتے ہوئے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کی توسیع کرائی جائے۔

اور ہسپتال میں ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کی ایک الگ عمارت ہونی چاہیے۔ محدود وسائل کے باوجود ہسپتال کی موجودہ کارکردگی انتہائی قابل تعریف ہے۔ اور شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل اسپتال مستونگ صوبے کے دیگر اسپتالوں کے لیے رول ماڈل بن چکا ہے۔