تربت: صوبائی مشیر فشریز الحاج میر اکبر آسکانی نے کہاہے کہ تبلیغی اجتماع گاہ کی اراضی کے تحفظ کیلئے تمام مسلمان اپنے ایمانی جذبہ کے ساتھ تبلیغی جماعت کے ساتھ ہیں۔
اجتماع گاہ میں مسجد ومدرسہ کے تعمیراتی کام کی بندش باعث تشویش ہے، ان خیالات کااظہار انہوں نے تبلیغی جماعت کیچ کے امیر حاجی حبیب اللہ سے ملاقات کے موقع پر کیا، اس موقع پربی اے پی ناصر آبادکے آرگنائزر راشدنصیر ودیگربھی موجودتھے، الحاج میر اکبر آسکانی نے کہاکہ دین کی خدمت اور اسلام کی ترویج واشاعت کیلئے تبلیغی جماعت گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔
تربت میں تبلیغی اجتماع گاہ کی اراضی پر ایک سازش کے تحت قبضہ کی کوشش کی جارہی ہے جوکسی بھی مسلمان کیلئے قابل قبول نہیں،اس لئے تبلیغی اجتماع گاہ پرقبضہ کیلئے سازشوں سے گریزکیاجائے، انہوں نے کہاکہ مذکورہ اراضی ایک طویل عرصہ سے تبلیغی جماعت کے زیرتصرف رہاہے اور سالانہ تبلیغی اجتماعات اس جگہ پرمنعقد ہوتے رہے ہیں جس کے گواہ لاکھوں مسلمان ہیں جو ان اجتماعات میں شریک رہے ہیں۔
اس لئے اس اراضی پرقبضہ کاخیال دل سے نکال دیاجائے، اجتماع گاہ ایک مقدس جگہ ہے جہاں مسجد ومدرسہ زیرتعمیرہے مگر اس کی بھی کام بندکردی گئی ہے جو سمجھ میں نہ آنے والی بات ہے، الحاج میراکبر آسکانی نے کہاکہ ہرشخص کیلئے اپنے مذہبی مقدس مقامات اولیت رکھتے ہیں اورمسلمان اپنے جذبہ ایمانی سے اس اراضی کاتحفظ کریں گے انہوں نے تبلیغی جماعت کے امیرکویقین دلایاکہ وہ اس سلسلے میں ہرممکن تعاون کیلئے تیارہیں۔