|

وقتِ اشاعت :   February 24 – 2021

کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ دینی مدارس پر وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی بھی پابندی برداشت نہیں کریں گے اگر مدارس کو تحفظ فراہم نہ کی گئی توجمعیت علما اسلام دینی مدارس کی تحفظ کے لئے اپنا کردار اد کرے گی ۔

دینی مدارس کی بدولت ہی پاکستان اسلام کا مضبوط قلعہ بن رہا ہے وفاقی حکومت جمعیت علما اسلام اور مدارس کے خلاف انتقامی کارروائیاں کرکے اسرائیل کو خوش کرنا چاہتے ہیں مگر وفاقی حکومت کے اس عزائم کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا علما کرام اور مدارس کے طلبا نے ہمیشہ ملک کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بوستان کلی ریگی میں دستار بندی کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔

مولانا عبدالواسع نے کہاکہ وفاقی حکومت یہی چاہتے ہیں کہ مدارس میں مداخلت کرکے مختلف آرڈنینس لا کر سازشیں کررہی ہے مگر ان سازشوں کو ہم کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ جمعیت علما اسلام مدارس اور طلبا کے تحفظ کے لئے ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہے جس طرح وفاقی حکومت نے اسرائیل کو خوش کرنے کیلئے ایک منصوبہ بنایا کہ مدارس کے آرڈنینس میں ترمیم کرکے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے تھے ۔

مگر جمعیت علما اسلام نے ان سازشوں کو ناکام بنایا اسرائیل اور امریکہ کا بھرپور جواب دیا جائے گا کیونکہ یہی دونوں ممالک پاکستان اور اسلام کی سلامتی نہیں چاہتے عالمی سطح پر ایسے نااہل اور سلیکٹد حکمران کو مسلط کرکے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کی ہے مگر جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں نے اسرائیل کی اس سازش کو ناکام بنایا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں سلیکٹڈ حکمرانوں کو واضح شکست نظر آرہی ہے اس لئے اب وہ پیسے کا معاملہ اٹھا کر اپنے سیاسی ساکھ کو بچانا چاہتے ہیں اس وقت سب سے زیادہ اختلافات حکمران جماعت میں ہے کیونکہ حکمران جماعت نے جن لوگوں کو لایاگیا ہے اب وہ بھاگنے پر مجبور ہے۔