|

وقتِ اشاعت :   February 25 – 2021

کوئٹہ: بولان میڈیکل ہسپتال کوئٹہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کمالان گچکی نے کہا ہے کہ بی ایم سی کے ڈاکٹروں اوردیگر ملازمین کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسی نیشن لگانے کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد دوسری مرتبہ ویکسین لگانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی دوسری مرتبہ ویکسین لگانے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ڈی ایم ایس بی ایم سی ڈاکٹر رشید جمالی اوردیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر کمالان گچکی نے کہا کہ بولان میڈیکل ہسپتال کیلئے کورونا وائرس سے بچاؤ کی600ویکسین دی گئی تھی جس میں سے 500سے زائد ڈاکٹر،پیرامیڈیکل اسٹاف،نرسز اوردیگر عملے کو کورونا وائرس سے بچاو کی ویکسین لگائی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں اوردیگر ملازمین کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی پہلی مرتبہ ویکسی نیشن مکمل ہونے کے بعدجمعرات کو دوسری مرتبہ ویکسین لگانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے جو جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر کمالان گچکی نے بتایا کہ بولان میڈیکل ہسپتال کے ڈاکٹروں ،پیرامیڈیکل اسٹاف ،نرسز اوردیگر عملے نے رضاکارانہ طور پر کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی ہے اور ہمیں ویکسی نیشن میں کسی بھی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔