بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں گرین بس سروس کے جلد آغاز کے دعوے بار بار کئے جارہے ہیں مگر زمین پر کام ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔ کوئٹہ کے شہریوں کیلئے سستی سفری سہولیات ایک بڑا مسئلہ ہے کیونکہ شہر میں چلنے والی لوکل بسوں کی حالت انتہائی خستہ ہے جن میں سفر کرنا شہریوں کیلئے کسی عذاب سے کم نہیں ، ٹوٹی پھوٹی سیٹیں، فرش بوسیدہ ہونے کے ساتھ دیگر مسائل عوام کیلئے بہت بڑے حادثات کاسبب بن سکتے ہیں مگر بدقسمتی سے چند لوکل بس مالکان اپنے بسوں کو بہتر بنانے کی بجائے گرین بس سروس کی مخالفت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
جو کہ سراسر غلط ہے بلکہ انہیں عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی پر توجہ دینی چاہئے بجائے اس کی کہ ایک اچھے عمل کی مخالفت کریں۔ بہرحال حکومت جلد کوئٹہ شہر میں گرین بس سروس کے کام کا آغاز کردے اور ساتھ ہی بہترین بس اسٹاپ بھی بنائے تاکہ اسٹوڈنٹس، خواتین اور ضعیف العمر افراد کو اس کا براہ راست فائدہ پہنچ سکے ۔چونکہ اس وقت بھی لوکل بسیں شہر میں چل رہی ہیں مگر شہر میں بس اسٹاپ نہ ہونے کی وجہ سے بس ڈرائیور جگہ جگہ بسیں کھڑی کرتے ہیں کوئی مستقل اسٹاپ نہ ہونے کے باعث شہریوں کیلئے مسائل بڑھ جاتے ہیں۔
لہذا دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان میں بھی جلد ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیںتاکہ بلوچستان کے تمام اضلاع کے عوام کو سستی سفری سہولیات سے استفادہ کرنے کا موقع مل سکے ۔حکومت اس اہم مسئلہ پر خاص توجہ دیتے ہوئے اس منصوبہ کیلئے ایک اچھی خاصی رقم مختص کرے تاکہ عوامی مفاد عامہ میں بننے والے منصوبے نہ صرف بروقت مکمل ہوسکیں بلکہ اس سے عوام کوبھی براہ راست فائدہ پہنچ سکے۔