کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے صوبائی اداروں میں اصلاحات اور گڈ گورننس کو صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اصلاحات کے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے، اداروں میں اصلاحات کے عمل کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔
اور صوبائی حکومت کے ان اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا سرمایہ ہیں اور موجودہ حکومت نوجوان کو با اختیار بنانے اور ان کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وفد کے ارکان نے بلوچستان عوامی پارٹی ضلع قلات کے بابو رمضان لانگو کی قیادت میں ان سے ملاقات اور صوبے میں نوجوان کی فلاح و بہبود کے لئے صوبائی حکومت کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد کے دیگر ارکان میں ریاض لانگو، ارسلان کھوسہ،دانیال، چیرمین ممتاز لانگو اور دیگر شامل تھے۔ وزیر داخلہ نے قلات یوتھ ونگ کو بلوچستان عوامی پارٹی کا ایک اہم جز قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کا بلوچستان عوامی پارٹی کی کامیابی میں اہم اور مثبت کردار ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ صوبائی حکومت نو جوانوں کے مسائل حل کرنے اور انہیں بااختیار بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے نوجوانوں کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے میں قلات یوتھ ونگ کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیر داخلہ نے تنظیم کے ارکان پر زور دیا کہ وہ موجودہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور اس سلسلے میں لوگوں اور خصوصا نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ آگہی دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔