|

وقتِ اشاعت :   February 25 – 2021

اوتھل: لسبیلہ کے مقامی قدیمی قبائل کے وفد کی ڈپٹی کمشنر لسبیلہ سے ملاقات،لسبیلہ میں غیرمقامیوں کو لوکل سرٹیفکیٹس جاری کرنے پر پابندی کا مطالبہ،لسبیلہ کی گزٹیڈلسٹ میں شامل قبائل کے علاوہ غیرمقامیوں کو لوکل سرٹیفکیٹ کسی صورت جاری کرنے کی اجاز ت نہیں دی جائے گی ،غیرمقامیوں کو لوکل سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے نہ صرف ہماری شناخت بلکہ ہمارے آنے والی نسلوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے ۔

ڈاکٹر قطب الدین رونجھو،عطااللہ رونجھو،سردار الہیٰ بخش کوہ بلوچ،جعفررند،قادر سنیاں بلوچ،عبدالشکورلاسی کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات میں گفتگو،تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز ضلع لسبیلہ کے مقامی قدیمی قبائل کے ایک وفد نے ڈاکٹر قطب الدین رونجھو کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حسن وقار چیمہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر جمیل بلوچ سے ملاقات کی۔

اور انہیں لسبیلہ خصوصاًحب میں غیرمقامیوں کوغیرقانونی اور جعلی طریقے سے لوکل سرٹیفکیٹس جاری کرنے کے حوالے سے آگاہ اور اپنے خدشات کا اظہار کیا اس موقع پر وفد کی قیادت کرنے والے ڈاکٹر قطب الدین رونجھو نے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کو بتایا کہ کسی بھی علاقے میں لوکل سرٹیفکیٹ پر وہاں کے مقامی لوگوں کا حق ہوتاہے لیکن بدقسمتی سے لسبیلہ میں چند سال قبل رہائش اختیار کرنے والوں کو لسبیلہ کا لوکل سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتاہے جو نہ صرف یہاں کے مقامی قبائل کے ساتھ ناانصافی بلکہ ظلم ہے مقامی تشخص کو مٹانے اور مقامی قبائل کے حقوق غضب کرنے کے متراد ف ہے ۔

لیکن ہم اپنی بقاء اور تشخص کو مٹانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے یہ ہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے انہوںنے کہاکہ لسبیلہ میں گزٹیڈ لسٹ کے مطابق جو قبائل یہاں قدیمی آباد ہیں انکو ہی لوکل سرٹیفیکٹس جاری کرنے کا حق ہے اور ضلعی انتظامیہ صرف اسی پر عمل درآمدکو یقینی بنائے انہوںنے مزید کہاکہ حب میں غیرمقامی افراد دھونس دھمکیوں اور غنڈہ گردی کے ذریعے لوکل سرٹیفکیٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

جو کسی صورت قابل قبول نہیں کسی بھی علاقے میں وہاں پر پہلاحق مقامی افراد کو ہوتاہے اور ہم اپنے حق کی بات کرتے ہیں یہ کسی سے تعصب یانفرت کی بات نہیں دیگر علاقوں کے لوگ ہمارے بھائی ہیں وہ یہاں رہیں کاروبارکریں ہمیں کوئی اعتراض نہیں لیکن لوکل سرٹیفکیٹ حاصل کرنیکا حق انہیں ہم نہیں دے سکتے ڈاکٹر قطب الدین رونجھو نے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کو کہاکہ 1980سے تاحال جاری کی گئی لوکل سرٹیفکیٹس ری چیک کی جائیں۔

کیونکہ ہمیں خدشہ ہے کہ اس عرصے میں ہزاروں غیرقانونی اور جعلی لوکل سرٹیفکیٹس بنائی گئی ہیں اور کئی لوگ بلوچستان اور لسبیلہ کے کوٹے پر ملازمتیں کررہے ہیں انکی فوری طورپرچھان بین کی جائے تاکہ یہاں کے لوگوں کو انکا حق مل سکے۔