|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2021

تربت: یونیورسٹی آف تربت گوادرکیمپس سے فارغ التحصیل ہونے والے چارسالہ بی ایس ڈگری پروگرام کے پہلے بیچ کے طلبہ وطالبات کے اعزازمیں گوادرکیمپس کے سمینارھال میں ایک پروقارتقریب منعقدہوئی۔تقریب کااہتمام سیکنڈ بیچ کے طلبہ وطالبات کی جانب سے کیاگیاتھاجس میں تعلیمی شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران اور اسٹاف کے علاوہ طلبہ وطالبات کی کثیرتعدادموجودتھی۔

پروگرام میں طالب علموں نے تقاریر،ڈراموں، شاعری،نغموں ، غزل اور خاکوںکے زریعے اپنے غیرمعمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے تقریب کو جذبات سے بھرپورانتہائی یادگاربنادیا۔سرپرائزڈ اور حیرت انگیزسوال جواب سیشن نے حاضرین کو غیر معمولی طورپر محظوظ کیا جن پر حاضرین نے ان کو دل کھول کرداد دی۔پروگرام میں ایک ویڈیوکلپ بھی چلائی گئی۔

جس میں2017سے لیکر2020تک طالب علموں کے یاداشتوں اور تجربات کوعکسی انداز میں پیش کیاگیا جیسے حاضرین نے بہت سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیمپس ڈائریکٹراعجاز احمد نے فارغ التحصیل طلبہ وطالبات کو وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابرکی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ آپ یونیورسٹی کے سفیر بن کر اپنے علمی صلاحیتوں اور قابلیت سے اس ریجن کی ترقی و خوشحالی میں بھرپورکردار اداکریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابرکی قیادت میں گوادرکیمپس نے مختصر عرصے میں ملک میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ایک ممتازمقام بنایاہے اور یہ کامیابی اساتذہ، اسٹاف ، طلبہ و طالبات اور علاقے کے لوگوں کی تعاون کے بغیرممکن نہیں تھی ۔

انہوں نے گوادرکیمپس کے پانچویں بیچ میں داخلہ لینے والے نئے طلبہ وطالبات کو خوش آمدیدکہتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے پروگرام کے انعقادکا مقصد یونیورسٹی کے درخشاں روایات کو زندہ رکھنا اور طلبہ وطالبات میں حصول تعلیم کے جذبے اور معاشرے کی خدمت کے عزم کو تقویت دیناہے۔

انہوں نے طالب علموںکے لئے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ڈگری کا حصول مقصد نہیں ہوناچائیے بلکہ معاشرے کا مفید شہری بننے کا عہد اصل کامیابی کی طرف سفرہے۔