تربت: رکن صوبائی اسمبلی،پارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امور لالہ رشیددشتی نے کہاکہ میرے حلقہ انتخاب میں کروڑوں روپے کی ترقیاتی اسکیمیں شروع کردی گئی ہیں، عوام کے مسائل ومشکلات کاحل اولین ترجیح ہے، دشت، نگور، مند اورگوکدان میں پہلی مرتبہ بڑے پیمانے پرترقیاتی کام ہورہے ہیں، حکومت کی آئینی مدت پورا ہونے تک حلقہ میں سڑکوں کاجال بچھایا جائے گا۔
واٹرسپلائی اسکیمیں، صحت وتعلیم کے شعبے پرخصوصی توجہ ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے عوامی وفودسے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر معروف دانشور خورشید نگوری، میرکینگی دشتی،حاجی رستم بزنجو، محراب دشتی، میر اسحاق دشتی، منیر احمددشتی سمیت دیگر شخصیات بھی موجودتھے۔ ایم پی اے لالہ رشیددشتی نے بتایاکہ نیوبہمن سے پرانا بہمن تک اندرونی سڑک کی بلیک ٹاپ، ناصرعلی پمپ سے پرانا بہمن سڑک کی بلیک ٹاپ۔
بہمن تانوک آباد بلیک ٹاپ سڑک، سنگئی کراس تا کسر ڈنک7کلومیٹر بلیک ٹاپ سڑک، مکسر تا کھڈان بلیک ٹاپ سڑک، ڈڈھے میر بازار سے ڈڈھے پڈی تک بلیک ٹاپ سڑک کی تعمیر کے کام شروع کردئیے گئے ہیں جبکہ نگور کے مختلف ایریا میں 12واٹرسپلائی اسکیمیں منظورکی گئی ہیں جن میں سے کچھ کے کام شروع ہیں۔
اورچند ایک پر آئندہ چند روزمیں کام شروع کردیاجائے گا، اس کے علاوہ تولگی شکرو واٹرسپلائی اسکیم، سیاہلو واٹرسپلائی اسکیم، پٹوک واٹرسپلائی اسکیم کے علاوہ مند کے علاقہ براہوی ریک اورگیاب محمدجان بازارمیں بھی واٹرسپلائی اسکیم پرکام ہورہاہے،یہ تمام واٹرسپلائی اسکیمیں سولر سسٹم سے منسلک ہوں گے۔مڈل اسکول بہمن کی نئی عمارت کی تعمیرکاکام جاری ہے۔
کھڈان ہائی اسکول کی عمارت بھی تعمیرکی جارہی ہے۔مند میں نئی بی ایچ یو، کنٹیدار دشت میں نئی بی ایچ یو اور کوہک دشت میں نئی بی ایچ یو کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام نے ہمیں جومینڈیٹ دیاہے اس پر ہرممکن طریقے سے پورااترنے کی کوشش کی جائے گی۔