|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2021

تربت: بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما،صوبائی مشیرفشریز الحاج میر اکبر آسکانی نے کہاہے کہ ناصر آبادمیں 33KV گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کیلئے ٹینڈرجاری کردئیے گئے ہیں۔ 10مارچ کو ٹینڈرہوں گے جس کے بعد گرڈ اسٹیشن کی تعمیر شروع ہوجائے گی جس سے ناصر آباد ومضافات کے علاقوں کے عوام کوبجلی بحران سے نجات مل جائے گی۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پرناصر آباد، نودز، خیرآباد، تمپ ودیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں وفودسے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر میر قمبرجان آسکانی، میر الیاس آسکانی، بی اے پی ناصر آبادکے آرگنائزر راشد نصیر، شاہنواز گچکی، شعیب درازئی، رسول بخش تگرانی،ڈاکٹرعطاء اللہ، عبدالحق آسکانی، سجادحسین ودیگر شخصیات بھی موجود تھے۔

وفودنے اپنے علاقوں میں صوبائی مشیر فشریز الحاج میر اکبرآسکانی کی جانب سے شروع کئے گئے مختلف منصوبوں سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے ان کا شکریہ اداکیا اور کہاکہ پہلی مرتبہ ہمارے علاقوں میں ایماندارانہ طورپر ترقیاتی کام ہورہے ہیں جس کا کریڈٹ الحاج میر اکبر آسکانی کوجاتا ہے۔الحاج میر اکبر آسکانی نے کہاکہ عوامی مسائل کاحل ان کی اولین ترجیح ہے۔

ان کی سیاست عوام کیلئے ہے جب ہم عوام کی خدمت نہیں کرسکے تو پھرہماری سیاست کاکوئی فائدہ نہیں۔انہوں نے کہاکہ ناصر آباد میں 33کے وی گرڈ اسٹیشن کی منظوری دی گئی ہے جس کے ٹینڈربھی اخبارات میں جاری ہوچکے ہیں، جبکہ ناصر آبادمیں کالج کی منظوری کے ساتھ ساتھ حلقہ میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام شروع کئے گئے ہیں۔الحاج میر اکبر آسکانی نے کہاکہ ہمارے کاموں کے اثرات ظاہرہونے کے بعد عوام اب ہماری طرف رجوع کررہے ہیں۔

اور بڑی تعدادمیں سیاسی کارکنان بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت اختیارکررہے ہیں۔ہمارے دروازے اپنے غریب ومسائل کے شکارعوام کیلئے ہروقت کھلے ہیں، جب عوام ہم سے مطمئن ہوں گے تب ہم سمجھیں گے کہ ہم اپنے مقصد میں کامیاب ہوگئے۔ وفودنے مختلف عوامی ایشوز کی جانب ان کی توجہ مبذول کرائی جن کے حل کی انہوں نے یقین دہانی کرائی اورکئی ایک مسائل موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔