|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2021

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان غربت پسماندگی کے اندھیروں میں ڈوب رہا ہے صوبے میں عوام بھوک و افلاس کا شکار ہے ،زمینداروں کی بجلی کاٹی جارہی ہے ، صوبے میں غربت اور بھوک افلاس کی وجہ سے بدامنی کے واقعات بڑھ رہے ہیں، لوگ مہنگائی او ر بے روزگاری سے خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں حکومت کی ابتر حکمت کی وجہ سے ملک اور صوبہ خانہ جنگی کے درپے ہیں۔

موجودہ حکومت کو مزید چلنے دیا گیا تو ملک میں انتشار پھیلنے کے اندیشہ ہے، یہ بات انہوں نے زیارت میں مسلم لیگ(ن) کے زیر اہتمام مہنگائی ،بے روزگاری، بد امنی اور حکومت کیخلاف نکالی گئی ریلی سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ جس حکومت نے ایک کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا تھا اس نے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار اور بے گھر کردیا ہے۔

آج بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے آئے روز مہنگائی کی شرح بڑھنے کی وجہ سے جرائم کی شرح بھی بڑھ رہی ہے لیکن حکومت خواب غفلت میں سوئی ہوئی ہے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے اپوزیشن میں رہتے ہوئے بھی عوامی خدمت کا جذبہ برقرار رکھ کر ثابت کیا ہے کہ عوامی خدمت کے لئے کرسی نہیں بلکہ جذبے کی ضرورت ہے جس سے موجودہ حکومت عاری ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کو صرف او ر صرف اپنے حواریوں کی جیبیں بھرنے کی پڑی ہے جبکہ عوام مہنگائی، بے روزگاری کے مارے خود کشیوں کر مجبور ہے۔