|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2021

اوتھل: صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان نے بلوچستان کو پاکستان کے ماتھے کا جھومر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب بلوچستان خوشحال ہو گا تو پورا پاکستان خوشحال ہو گا۔پا ک چائنا راہداری کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے بلوچستان میں تعمیر و ترقی اور بلوچ عوام کی خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ بلوچ عوام اس بات پر یقین اور اعتماد رکھیں کہ آزاد کشمیر سمیت پورا پاکستان انہیں خوشحال اور ترقی یافتہ دیکھنا چاہتا ہے۔

اور انشا اللہ وہ وقت دور نہیں جب دنیا بھر سے سرمایہ کار بلوچستان آئیں گے اور بلوچ نوجوانوں کے لیے روزگار اور خوشحالی کے نئے دروازے کھلیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز ایوان صدر مظفرآباد میں حب پریس کلب کے صدر الیاس کمبوہ کی قیادت میں لسبیلہ بلوچستان کے 14 رکنی صحا فیو ں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال خطہ ہے اور ان وسائل کو ترقی کے لیے بروئے کار لایا جائے تو اس کا سب سے بڑا فائدہ صوبے کے عوام کو پہنچے گا۔ صدر آزاد کشمیر نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کے شکار کشمیری عوام کے ساتھ ہمیشہ یکجہتی اور بھائی چارگی کا اظہار کرنے پر بلوچستان کے عوام، حکومت اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا میڈیا وہاں کے نوجوانوں میں یہ شعور بیدار کرے کہ آنے والے وقت میں صوبے کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے جو نئے مواقع پیدا ہوں گے وہ ان سے ذہانت کے ساتھ فائدہ اٹھائیں اور آنے والی نسلوں کی خوشحالی کے لیے جدوجہد کریں۔

صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ بلوچ عوام غیور اور بہادر ہیں جو طویل ترین کوسٹل بیلٹ کے مالک ہیں اور جہاں فیوڈل سسٹم کمزور ہو چکا ہے اب وقت آ گیا ہے کہ وہ اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس خطہ کو ڈریم لینڈ میں تبد یل کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی طرح آزاد کشمیر کے عوام کو بھی کئی مسائل کا سامنا تھا لیکن گزشتہ عرصہ میں ہم نے پورے پاکستان میں سب سے زیا دہ شرح خواندگی۔

کا ہدف حاصل کیا اس وقت آزاد کشمیر کے سرکاری شعبہ میں 5 یونیورسٹیوں، سینکڑوں کالجز اور ہزاروں سکول قائم ہیں جہاں لاکھوں بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ ہے جس سے ہر روز بے گناہ شہری شہید اور زخمی ہوتے ہیں اور ان کی املاک کو بھی نا قابل تلافی نقصان پہنچتا ہے۔

اس موقع پر صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی سیکرٹری اطلاعات و سیاحت محترمہ مدحت شہزاد نے وفد کو بتایا کہ آزاد کشمیر کی حکومت ایک واضح پالیسی کے تحت خطہ کو سیاحتی اعتبار سے ترقی دے کر آزاد کشمیر کے مالی وسائل کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ پڑھے لکھے نوجوانوں کو با عزت روزگار فراہم کرنے کے جامع منصوبے پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں عام سیاحت کے علاوہ مذہبی سیاحت اور ایڈونچر ٹورازم کو فروغ دینے کے مواقع موجود ہیں جس کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔اس موقع پر حب پر یس کلب کے صدر و وفد سربر اہ محمد الیا س کمبو ہ نے صدر آزاد کشمیر کو اجر ک کا تحفہ پیش کیا جبکہ صدر آزاد کشمیر کی جانب سے وفد کے تمام صحا فیو ں کو تحفہ پیش کیا گیا۔

اس موقع پر اوتھل پر یس کلب کے صدر محمد عمر لا سی، حب پر یس کلب کے جنر ل سیکر یٹر ی دیدار علی رونجھو، خازن فاروق بلوچ،جوائنٹ سیکریٹری عاشق بلوچ، رابطہ سیکریٹری لعل محمد برفت، محمد اسحاق سیلرو، منوہر لعل، محرم علی ابڑو، اسامہ رزاق موندرہ، امتیاز حسین شورو، سعید قاسم مری، اعجاز علی سموں،اور نوید احمد لہڑی بھی مو جو د تھے۔