|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2021

گوادر: بلوچ قوم تعلیم اور کاروبار میں اپنی شمولیت ممکن بنائے ملٹی نیشنل کمپنیاں مقامی لوگوں کو ترجیح دیں۔ ان خیالات کا اظہار سابقہ وزیر اعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے یہاں گوادر میں ٹویٹا موٹر آئل برانچ کے افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سابقہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا بلوچ قوم اس وقت تعلیم اور کاروبار میں بہت پیچھے ہے۔

وقت کا تقاضا ہے کہ ہمیں تعلیم کے حصول اور کاروبار میں اپنی شمولیت کو ممکن بنانا پڑے گا۔ پاک ایران بارڈر میں کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لئے چیمبر آف کامرس گوادر کو اپنے کاروباری افراد کی رہنمائی کرنی چاہیئے اور اس کاروبار میں مقامی بزنس مینوں کا کلیدی کردار ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ملٹی نیشنل کمپنیاں کاروبار ضرور کریں لیکن مقامی لوگوں کی اس میں شمولیت کو بھی ممکن بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم بحیثیت قوم مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے چاہتے ہیں تو ہمیں اپنے بچوں کی تعلیم پر بھر پور انہماک کا مظاہرہ کرنا پڑے گا، تعلیم ترقی کے بعد سرمایہ کا تحفظ اور سرمایہ کاری میں مہارت کا حصول چنداں مشکل کام نہیں ہوگا۔

مقامی بزنس مین اپنا سرمایہ پائیدار سرمایہ کاری میں صرف کریں تو اس کا فائدہ مقامی لوگوں اور اس ریجن کو ملے گا۔ تقریب سے ٹویٹا موٹر آئل کمپنی کے منیجر محمد وسیم کھوکر، سدرن منیجر سید ملازم حسین اور سی ای او گوادر آئل پوائنٹ آدم قادربخش نے کہا کہ معیاری پروڈکٹس کی تیاری اور کلائنٹس کی تشفی ٹویٹا موٹر آئل کمپنی کا طرہ امتیاز ہے جس کو ہرصورت برقرار رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی اپنے کلائنٹس کے اعتماد کو کسی بھی صورت ٹھیس نہیں پہنچائے گی اور معیاری پروڈکٹس کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا۔ بعد ازاں سابقہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے تختی کی نقاب کشائی کرکے برانچ کا افتتاح کیا۔ تقریب میں گوادر چیمبر آف کامرس کے ایگزیکٹیو ممبر ناگمان عبدل، نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء حاجی فدا حسین دشتی اور واجہ ابوالحسن بھی اسٹیج پر موجود تھے۔

باھر سے آنے والے مہمانوں کو روایتی بلوچی چادر اور اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔ تقریب کے نظامت کے فرائض حفیظ جعفر نے اداکئے۔ تقریب میں کاروباری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد شریک تھی۔