کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر وسینیٹر میر کبیر محمدشہی نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار نے عوام کو روزگار دینے کی بجائے لاکھوں کی تعداد میں لوگوں کو بے روزگار کردیا ہے آج ملازمین سمیت ہر طبقہ فکرسے تعلق رکھنے والے افراد وفاقی اور صوبائی حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں ،بی اینڈ آر سے نکالے گئے ملازمین کو فوری طور پر بحال، کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اورجونیئر ٹیچرز کے ملازمین کے مسائل حل کئے جائیں۔
یہ بات انہوں نے جمعرات کو بی اینڈ آرسے نکالے گئے ملازمین اور کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اور جونیئرٹیچرز کے احتجاجی کیمپوں میں بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان علی احمدلانگو، پھیلین بلوچ اوردیگربھی موجود تھے ۔سینیٹر میر کبیر محمد شہی نے کہا کہ اقتدار میں بیٹھے ہوئے لوگ عقل کے اندھے ہیں جنہیں کسی کی بھی پرواہ نہیں ہے۔
آج سرکاری ملازمین سمیت ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سڑکوں پراحتجاج کررہے ہیں وفاقی اور بلوچستان حکومت مزدور کش حکومتیں ہیں جنہوں نے عوام کو ایک کروڑنوکریاں دینے کے وعدے کئے تھے لیکن ابتک سٹیل ملز سمیت دیگر اداروں سے لاکھوں کی تعداد میں لوگوں کو نکال کر بے روزگارکردیا ہے نیشنل پارٹی ملازمتوں سے نکالے گئے ملازمین کو ہرممکن تعاون کا یقین دلاتی ہے۔
اور نکالے گئے ملازمین کو بحال کرنے کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریگی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے 75فیصد عوام کا ذریعہ معاش زراعت اور گلہ بانی سے منسلک ہے بارشیں نہ ہونے اورزیرزمین پانی کی سطح نیچے گرنے سے یہ شعبہ بھی بری طرح متاثرہواہے اوردوسری جانب حکومت برسرروزگارافراد کو بے روزگار کرنے پر تلی ہوئی ہے جو ملک اور صوبے کیلئے نیک شگون نہیں ہے۔
سینٹر محکمہ بی اینڈ آر میں گزشتہ 10سالوں سے خدمات سرانجام دینے والے 360سے زائد ملازمین کو بغیر کسی وجہ سے نوکریوں سے نکال دیا گیا ہے جس سے انکے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑچکے ہیں ۔
اور نکالے گئے ملازمین احتجاج پر ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر نکالے گئے بی اینڈ آر کے ملازمین کو بحال ،کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اور جونیئر ٹیچرز کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔