کو ئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاہوانی نے کہا ہے کہ جمعیت علما اسلام اور بی این پی کے درمیان سینیٹ انتخابات پر فارمولہ طے پاگیا ہے اپوزیشن جماعتیں بلوچستان کی حقوق کیلئے بھی مشترکہ لائحہ عمل طے کرینگے ،سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن کی جیت یقینی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ف جنرل نشست پر بی این پی مینگل کے دو امیدواروں کو سپورٹ کرے گی جبکہ بی این پی مینگل ٹیکنوکریٹ کی نشست پر جمعیت کے امیدواروں کو ووٹ دیگی ، خواتین کی نشست پر جمعیت بی این پی کو ووٹ دیگی اقلیت کی نشست پر بی این پی جمعیت کے امیدوار کو ووٹ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بی این پی اور جمعیت علما اسلام سمیت دیگر اپوزیشن جماعتیں جلد لائحہ عمل طے کر کے بلوچستان کے حقوق کیلئے مشترکہ جدوجہد جاری کرینگے کیونکہ وقت ثابت کریگا کہ جب بلوچستان کی جماعتیں کسی بھی مسئلے پر متحد ہوئی ہیں تووہ مسئلہ حل ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی نے ہمیشہ عوام کی حقوق کی ترجمانی کی ہے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں لینڈ مافیا سرگرم ہے ان کی خاتمے کیلئے حکومت اپنا کردار ادا کریں اگر حکومت نے ایسا نہیں کیا تو پھر عوام احتجا کرنے پر مجبور ہو نگے۔