کو ئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم عوام کی حقوق اور صوبے کی مفادات کیلئے مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گی، سینیٹ انتخابات میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیکر سیٹ ٹو سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کرینگے ، حکمرانوں کے پاس بھاگنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے اب بھی وقت ہے کہ حکمران قوم سے معافی مانگ کر اقتدار سے الگ ہو جائے۔
ڈسکہ میں دوبارہ انتخابات کرانے سے ثابت ہو گیا کہ سلیکٹیڈ حکمران دھاندلی میں ملوث ہیں بلوچستان میں حکمران جماعتوں کے درمیان اختلافات بہت زیادہ ہے سینیٹ میں اپوزیشن بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے رہائش گاہ پر جمعیت علما اسلام کے سنیئر اراکین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹیڈ حکمرانوں نے ملک کو مہنگائی غربت کے سوا کچھ نہیں دیا ہے ۔
جس کی وجہ سے معاملات بگڑتے جارہے ہیں ضمنی انتخابات میں حکمرانوں نے دھاندلی کی کوشش کی لیکن پی ڈی ایم اور عوام نے ان تمام تر سازشوں کو ناکام بنایا کیونکہ سلیکٹیڈ حکمران ملک کو چلانے میں ناکام ہو چکے ہیں اب ان کے پاس بھاگنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کو رہنے دیا جائے اور صاف وشفاف انتخابات کر کے ملک میں حقیقی حکمرانی بحال کی جائے۔
کیونکہ جب تک قانون کی حکمرانی بحال نہیں ہو گی اس وقت تک معاملات ٹھیک نہیں ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان سیٹ ٹو سیٹ ایڈ جسٹمنٹ ہو گئی 3مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن کو کامیابی ملے گی۔
انہوں نے کرم اور ڈسکہ کی ضمنی انتخابات میں دھاندلی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اب سلیکٹیڈ حکمران خوف کے مارے دوبارہ الیکشن کرانے پر مجبور ہو گئے ہیں مگر ہم اس کو کسی بھی صورت اجازت نہیں دینگے وقت اور حالات کا تقاضہ ہے کہ حکمران اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگیں۔