کوئٹہ: پارلیمانی سیکڑیری اطلاعات بلوچستان محترمہ بشریٰ رند نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے آج کے دن بھارت کے دو جنگی طیارے گرا کر مودی کا غرور خاک میں ملا دیا تھا جس پر پوری قوم پاک فضائیہ کے پائلٹوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
اس تاریخی واقعے کو دو سال مکمل ہونے پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے پاکستانی اور کشمیری عوام کا سر فخر سے بلند کر دیا اور یہ ثابت کر دیا کہ جنگیں طاقت سے نہیں جرات اور بہادری سے لڑی جاتی ہیں۔
محترمہ بشری رند نے کہا کہ پاکستانیوں کو افواج پاکستان کی جنگی صلاحیتوں پر فخر ہے اورجس فضائیہ کی تربیت ائیرمارشل اصغر خان اور ائیر مارشل نور خان نے کی ہو اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا،انہوں نے کہا کہ جب تک ابھینندن زندہ ہے ہندوستان اپنے زخم چاٹتا رہے گا اور بلوچستان کی عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ اور دفاع وطن کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔