|

وقتِ اشاعت :   February 27 – 2021

اسلام آباد: ملک میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا گیا جس کے مطابق حالیہ ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 2 اعشاریہ 41 فیصد اضافہ دیکھا گیا ۔ ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 13 اعشاریہ 89 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 25 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ 5 میں کمی ریکارڈ کی گئی ،رواں ہفتے مرغی کا گوشت، انڈے،گھی اور دالوں کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ادارہ شماریات کے مطابق بیس کلو آٹے کا تھیلا پانچ روپے مہنگا ہو گیا، بیس کلو آٹے کا تھیلا 950 روپے سے بڑھ کر 955 روپے کا ہو گیا،ایک ہفتے کے دوران مرغی کا گوشت 5 روپے فی کلو مہنگا ہو گیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق مرغی کی فی کلو قیمت 225 روپے سے بڑھ کر 250 روپے تک پہنچ گئی،ایک ہفتے میں ڈالڈا گھی کا اڑھائی کلو ٹن 8 روپے مہنگا ہو گیا،رواں ہفتے دال چنا تین روپے فی کلو مہنگی ہو گئی۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا،حالیہ ہفتے ٹماٹر دو روپے، پیاز ایک روپیہ، گڑ بیس پیسے فی کلو سستا ہوا۔