لورالائی: جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الواسع نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 26 مارچ کو اسلام آباد سے بغیر کسی مقصد کے ہر گز واپس نہیں آئینگے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں میں کوئی اختلافات نہیں ہے ہر جماعت کی اپنی پالیسی اور طریقہ کار ہے ہم میں اختلاف پید ا کرنے کی حکومتی سازش ناکام بنا دی جائیگی۔
انہوں نے کہا اسلام آباد مارچ میں ہمارے مطالبات میں وزیر اعظم کا استعفی نئے الیکشن الیکشن کمیشن کو بااختیار اور غیر جانبدار بنانا اور فوج کے بغیر الیکشن کرانا سرفہرست ہوگا انہوں نے کہا کہ ہمارا مارچ پرامن ہوگا لیکن اگر حکومت نے ہمیں اشتعال دلانے کی کوشش کی تو پھر پی ڈی ایم کے کارکناں کا صبر جواب دے سکتا ہے ہمارے لیئے ڈی چوک تک جانا کوئی مشکل کام نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو صرف میاں نواز شریف کا نعرہ نہیں یہ تو اب ہر پاکستانی کا نعرہ بن چکا ہے اسی مقصد کو حاصل کرنے اسلام آباد جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ ملک میں ائین کی بالادستی انصاف اور عدل کے قیام کیلئے ہماری جدوجہد ضرور رنگ لائیگی آج ملک اور عوام لاوارث ہیں اگر حکومت نے پیٹرولیم کے نرخوں میں بیس فیصد اضافہ کیا تو اسمبلی فلور کے علاوہ ہر فورم پر حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجا دینگے۔
عوام کو زندہ درگور کرنے کی حکومت کو کسی صورت اجازت نہیں دے سکتے انہوں نے کہا کہ ملک اور صوبے میں حکومت کہیں پر بھی ہمیں نظر نہیں ارہی ہے حکومت فیل ہو چکی ہے عزت سے عمران خان گھر نہ گئے تو مارچ کا مہینہ انکے لیئے بھاری ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صاف شفاف الیکشن سے ہی ملک موجودہ سیاسی دلدل سے نکل سکتا ہے ملک آج معاشی اور سیاسی بحران کا شکار ہے مہنگائی اور بے روزگاری سے سفید پوش طبقہ پریشان ہے ملک میں ڈاکٹرز تاجرز اور عوام سب نااہل حکومت سے پریشان ہیں انھیں بھی ہم دعوت دیتے ہیں کے وہ ہمارے مارچ کا حصہ بن جائیں ۔