|

وقتِ اشاعت :   February 28 – 2021

کوئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی دفتر باچاخان مرکز سے جاری کردہ صوبائی بیان میں پارٹی کے صوبائی ترجمان اسدخان اچکزئی کی شہادت پر گھرے رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسدخان اچکزئی کو اغوا ہوئے پانچ مہینے دودن ہوئے اس سلسلے پارٹی نے صوبہ بھر میں احتجاج شٹرڈاون کوئٹہ چمن شاہراہ کی بندش چمن میں دھرنا اور تمام اضلاع میں احتجاج کرتے رہے۔

اس کے بعدپارٹی کی مرکزی قیادت نے اس دردناک واقعہ کانوٹس لیااور ملک بھر میں صوبائی ترجمان اسد خان اچکزئی سمیت تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے آواز اٹھائی ساتھ ہی ساتھ بلوچستان ہائی کورٹ میں بلوچستان بار کونسل کی جانب سے رٹ پٹیشن دائر کی گئی بیان میں کہا گیا کہ اس دوران انکا موبائل فون برآمد ہونا بعداذاں ان کی گاڑی برآمد ہونا اور کل ان کی مسخ شدہ لاش کی برآمدگی بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے۔

اور جن خدشات کااظہار پارٹی قیادت کرتی رہی اسد خان اچکزئی کے ساتھ وہی ہوابیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی اس حوالے سے تمام تر صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے واقعے کی مکمل جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ اور ملوث کرداروں اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتی ہے۔

دریں اثنا عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اے این پی کے صوبائی ترجمان اسد خان اچکزئی کی شہادت کے خلاف آج بروز اتوارکوئٹہ سمیت تمام اضلاع میں پرامن شٹرڈاون ہڑتال اور سات روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے تمام اضلاع کے باچاخان مراکز پر پارٹی پرچم سرنگوں رہیگاجبکہ نماز جنازہ آج سہہ پہر تین بجے گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول گرانڈ میں ادااور تدفین مردہ کاریز شہدا قبرستان چمن میں کی جائیگی۔