|

وقتِ اشاعت :   March 1 – 2021

کوئٹہ: سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں پارلیمانی جماعتوں کے رابطے جاری ، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل سے ملاقات ، جبکہ بی این پی اور پشتونخوامیپ اور تحریک انصاف کے پارلیمانی اراکین نے سردار یار محمد رند سے ملاقات کی۔اتوار کو پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کی قیادت میںپارٹی وفد جس میںعبدالرحیم زیاتوال۔

رضا محمد رضاسینیٹر عثمان کاکڑ، رکن صوبائی اسمبلی نصر اللہ زیرے و دیگر شامل تھے نے ایم پی اے لاجز کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل سے ملاقات کی۔اس موقع پر بی این پی کے ملک نصیر شاہوانی ، ثناء بلوچ ، بابو رحیم مینگل ، احمد نواز بلوچ بھی موجود تھے ملاقات میں سینیٹ انتخابات سمیت دیگرامورپرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دریں اثناء بی این پی کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ملک نصیر احمد شاہوانی کی قیادت میں ایک وفد نے پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند سے ملاقات کی ا س موقع پر ارکان اسمبلی اختر حسین لانگو، ثناء بلوچ، بابو رحیم مینگل ، میر سردار خان رند ، میر عامر رند بھی موجود تھے ، ملاقات میں گزشتہ روز سردار اختر مینگل اور سردار یار محمد رند کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد کی صورتحال پربات چیت کی۔

دریں اثنا پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدرسینیٹر عثمان کاکڑاور مرکزی سیکرٹری عبدالرحیم زیاتوال نے بھی ملاقات کی اور ان سے سینیٹ انتخابات سمیت سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔علاوہ ازیں ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل ، صوبائی وزیر میر عمر خان جمالی اور رکن صوبائی اسمبلی میر نعمت اللہ زہری نے سردار یار محمد رند سے ان کی رہائشگا ہ پر ملاقات کی۔

جس میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔دوسری جانب اتوار کو ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل اور رکن صوبائی اسمبلی میر نعمت اللہ زہری نے سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے رہنما میر نصیب اللہ مری سے ملاقات کی۔دریں اثناء بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کی نواب اسلم رئیسانی سے ملاقات سینیٹ انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اتوار کو بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کی قیادت میں وفد نے سراوان ہائوس کوئٹہ میں رکن صوبائی اسمبلی نواب محمد اسلم رئیسانی سے ملاقات کی ملاقات میں سینٹ انتخابات سمیت صوبے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر اپوزیشن جماعتوں کاسینٹ انتخابات میں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن کومتحد رکھا جائے گا ہارس ٹرینڈنگ کے خاتمے کے دعویدار خود گھوڑے بھگا رہے ہیںاپوزیشن ارکان اپنے امیدواروں کی جیت کے لئے کوشاں ہیں ۔