|

وقتِ اشاعت :   March 1 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ بلوچستان میں موجود سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع کو دنیا کے سامنے لانا ہمارا مشن ہے، اس مقصد کیلئے کئی ممالک کیساتھ کامیاب ویب نارز کا انعقاد کیا گیا۔

جس کے بہت مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں، اسکے علاوہ پہلی مرتبہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے بلوچستان انویسٹمنٹ گائیڈ شائع کی گئی ہے جس کو بین الاقوامی سطح پر پذیرئی ملی، ایک بیان میں انوں نے کہا کہ بلوچستان انویسٹمنٹ گائیڈ ایک جامع اور مکمل معلوماتی دستاویز ہے جس میں بلوچستان کے مختلف شعبوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔

اسکے علاوہ وفاق اور صوبائی حکومت کی جانب سے دی گئی مراعات، سہولیات سمیت ہر شعبے میں موجود مواقع اجاگر کئے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری گائیڈ کے پہلے ورڑن کو بین الاقوامی سطح پر بہت پذیرائی ملی۔

جبکہ اس کا چینی، ترکی، عربی اورہسپانوی زبانوں میں ترجمہ بھی کیا جا چکا ہے اور جلد روسی زبان میں بھی شائع ہو جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری گائیڈ کے نئے شماروں میں حالیہ ہونیوالے ویب نارز، حاصل کردہ اہداف کو شامل کر کے اسے مزید جامع بنایا جائیگا۔