|

وقتِ اشاعت :   March 1 – 2021

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مرکزی رہنما شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سیاسی رہنمائوں کو قتل کرنا قابل مذمت اقدام ہے حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ، صوبائی حکومت امن وامان کے صورتحال کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے اسد خان اچکزئی کی شہادت پر غمزدہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔

اپنے جاری کردہ بیان میں شیخ جعفرمندوخیل نے کہاکہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ دن بدن صوبے کے حالات خراب ہوتی جارہی ہے مگر ان حالات کو کنٹرول کرنے میں کوئی بھی سنجیدہ دکھائی نہیں دے رہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ سیاسی کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ قابل مذمت اقدام ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے بلوچستان میں قبائلی روایات کو پامال کیا جارہا ہے اور ان روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے پرامن حالات بنانے کیلئے سب کو اپنا کردار دا کرنا چاہئے حکومت سے توقع نہیں کرنا چاہئے ، پانچ ماہ سے لاپتہ ہونے کے بعد کنویں سے اسد خان اچکزئی کی لاش برآمد ہونا صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے اور نہ ہی وہ عوام کو تحفظ فراہم کرسکتی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہاصغر خان اچکزئی سے ان کے چچازاد بھائی کے بہیمانہ قتل پر ان سے تعزیت کرتے ہیں اور اللہ تعالی مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائیں۔