تربت: آل پارٹیز کیچ کا اجلاس، ایس ای کیسکو مکران سرکل کے خلاف آئینی پٹیشن دائر کرنے کے علاوہ مہم چلانے کا فیصلہ، آل پارٹیز کی مذید فعالیت پر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کے لیے 5 رکنی کمیٹی قائم۔آل پارٹیز کیچ کا اجلاس اتوار کی شام زیر صدارت کنوینر غلام یاسین بلوچ منعقد ہوا جس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت اتحاد میں شامل تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایس ای کیسکو مکران سرکل کی صارفین کے ساتھ غیر پیشہ ورانہ رویہ، بلوں کی ادائیگی کے نام پر لوگوں کو بے جا تنگ کرنا اور ایک کنڈے کی وجہ سے پورے ٹرانس اور فیڈر کو بند کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس حوالے سے ایس ای کیسکو کے خلاف بہت جلد آئینی پٹیشن دائر کی جائے گی جس میں ہر سیاسی جماعت سمیت عام صارفین کو فریق بنایا جائے گا ۔
اس کے علاوہ ایس ای کیسکو کے خلاف ماس موبلائیزشن کے تحت دستختی مہم شروع کی جائے گی جبکہ بعد ازاں شہید فدا چوک کیمپ لگایا جائے گا۔اجلاس میں کچھ سیاسی جماعتوں کی طرف سے آل پارٹیز کو ٹائم نہ دینے اور ان جماعتوں کی قیادت کی طرف سے آل پارٹیز کے معاملے میں عدم دل چسپی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سید جان گچکی کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی بنائی گئی جو تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کرکے ان کے ساتھ اس معاملے میں تبادلہ خیال کرے گی۔