|

وقتِ اشاعت :   March 1 – 2021

کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ دینی مدارس ہی ملک کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرسکتے ہیں سلیکٹڈ حکمران اپنے آقائو ں کو خوش کرنے کیلئے مدارس کو بند کرنے اور نئے ترامیم لاکر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں مگر ان کے مقاصد کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے ، پی ڈی ایم اب ایک تحریک بن چکی ہے۔

26مارچ کو دما دم مست قلندر ہوگا ، اب بھی موقع ہے کہ وہ قوم سے معافی مانگ کر اقتدار سے الگ ہو جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے مدرسہ جامعہ عربیہ میں دستار فضلیت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا عبدالواسع نے کہاکہ مدارس نے اس ملک کے بنانے اور اسلامی نظام کو نافذ کرنے میں بڑا کردار ادا کیا ہے اور ان مدارس کی بدولت ہی ملک میں اسرائیلبھارت اور امریکہ کے ان تمام سازشوں کو بے نقاب کیا ہے۔

جو اس ملک کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے اور آج اس لئے ایک ایسی حکومت کو ملک اور قوم پر مسلط کردیا ہے تاکہ وہ ان سے سلیکٹڈ حکمرانوں کے ذریعے مدارس کے خلاف کارروائی کریں اور ایسے ترامیم لاکر مدارس کو بند کرنے کی کوشش کریں کہ وہ اپنے مقاصد میں کامیاب ہو مگر جمعیت علما اسلام کے ہوتے ہوئے نیازی اور ان کے آلہ کاروں کی تمام سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔

اور مستقبل میں بھی ناکام بناتے رہیں گے انہوں نے کہاکہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے ہمیشہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کیاہے اسرائیل اور یہودی لابی نے راستہ بند کرنے کیلئے ہمیشہ جدوجہد کی ہے اور آج سلیکٹڈ حکمرانوں کے ذریعے مولانا فضل الرحمن کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے مگر علما کرام اور مدارس کے علما قائد جمعیت کے ساتھ ہے اور ان کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں ایک ایسی نالائق حکومت کو مسلط کیا ہے جنہوں نے مہنگائی کو برپا کرکے غریب عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے اور پی ڈی ایم کے ذریعے ایسے سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ جلد کریں گے۔

کیونکہ سلیکٹڈ حکومت جس یہودی لابی کے ذریعے پاکستانی عوام پر مسلط کیا ہے اب پاکستانی عوام میں سیاسی شعور آنے کے بعد موجودہ حکومت کو ایک منٹ کیلئے بھی برداشت کرنے کی صلاحیت نہیں ہے اور حکومت کو چاہئے کہ وہ اخلاقی طور پر مستعفی ہو کر ملک میں نئے صاف و شفاف انتخابات کرائے جائیں۔