کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی مجلس شوریٰ کا اجلاس صوبائی امیر مولانا عبدالواسع کی زیر صدارت ہوا، جس میں صوبے بھر سے صوبائی مجلس شوری کے مجلس عاملہ اور پارلیمانی ارکان شریک ہوئے اجلاس میں دیگر امور کے ساتھ ساتھ جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم کے فیصلوں اور ملک کی سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ اس موقع پر مولانا عبدالواسع نے کہاکہ جمعیت علما اسلام ملک گیر سیاسی و مذہبی جماعت ہے۔
جنہوں نے ہمیشہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کے حقوق کیلئے طویل جدوجہد کی ہے اور جمعیت علما اسلام نے ہر دور میں آزمائشوں اور مشکلات کا مقابلہ کیا ہے تمام تر مشکلات کے باوجود صوبائی جماعت ہر سطح پر داخلی و خارجی مشکلات سے نبردآزما رہی ، آج الحمد اللہ ہم نے کافی حد تک جماعت کے داخلی معاملات پر قابو پالیا ہے اور جماعت کو صوبائی و ضلعی سطح پر مضبوط و منظم کرلیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت کی مرکزی قیادت کی فیصلوں پرمن و عن عملدرآمد کردیاگیا اجلاس میں ضلعی آمرا نے 26مارچ کے لانگ مارچ کے حوالے سے اپنے تیاریوں سے مجلس شوریٰ کو آگاہ کردیاگیااس یقین اور اعتماد کے ساتھ کہ بلوچستان سے لانگ مارچ عوام اور جماعتی کارکن بھرپور انداز میں شریک ہوں گے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ۔
جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہاکہ سینیٹ انتخابات میں سکریٹ بیلٹ کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ جمہوریت کی جیت ہے ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ قانون سازی پارلیمنٹ کا کام ہے مگر بدقسمتی سے ملک پر ایسے حکمرانوں کو مسلط کیاگیا ہے جو کہ قانون سازی کے بارے میں جانتے تک نہیں ، سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں کی کامیابی یقینی ہے۔
اگر دھاندلی کی کوشش کی گئی اس کے اچھے نتائج برآمد نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن بھی جمہوریت کا حصہ ہے لیکن حکومتی غرور نے ملک کا نظام برباد کردیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم پی ڈی ایم کو مبارکباد دیتے ہیں جنہوں نے غیر آئینی اقدام کی بھرپور مخالفت کی ، جمعیت علما اسلام سلیکٹڈ حکمرانوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اگر پھر بھی حکمرانوں نے ملکی معاملات کو تباہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ وہ اخلاقی طور پر مستعفی ہو جائیں کیونکہ جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ان حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی، سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن کی کامیابی یقینی ہے اور حکومت خود اپ سیٹ ہورہی ہے اب وہ این آر او مانگنے کی ہرممکن کوشش کررہی ہے مگر اب ان کو این آر او نہیں ملے گی ۔ مولانا عبدالواسع نے کہاکہ ضمنی انتخابات میں حکمرانوں نے دھاندلی کی کوشش کی لیکن پی ڈی ایم اور عوام نے ان تمام تر سازشوں کو ناکام بنایا کیونکہ سلیکٹیڈ حکمران ملک کو چلانے میں ناکام ہو چکے ہیں اب ان کے پاس بھاگنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔
کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کو رہنے دیا جائے اور صاف وشفاف انتخابات کر کے ملک میں حقیقی حکمرانی بحال کی جائے کیونکہ جب تک قانون کی حکمرانی بحال نہیں ہو گی اس وقت تک معاملات ٹھیک نہیں ہونگے انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی اور غربت کی وجہ سے صورتحال دن بدن بگڑتی جارہی ہے عوام کے ساتھ جو وعدے کیے ان میں سے ایک بھی وعدے کو پورا نہیں کیاگیا۔
کیونکہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے صرف اقتدار کی خاطر عوام سے جھوٹے وعدے کیے تھے اور تین سال گزرنے کے باوجود حالات جوں کے توں ہے آج ملک میں غریب عوام دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں اور حکمران صرف ڈرامہ کرکے اپنا اقتدار بچانا چاہتے ہیں مگر اب ان کا قتدار کوئی نہیں بچاسکتا۔